پولیس کے ای چالان کے طرز پر جرمانہ ہوگا، جی ایچ ایم سی
حیدرآباد 29 جولائی (سیاست نیوز) شہر میں صحت و صفائی پر خصوصی توجہ کا دعویٰ کرتے ہوئے بلدیہ نے جرمانوں کے آغاز کا فیصلہ کیا۔ شہر میں برسر عام کچرا پھینکنے والوں کے خلاف بلدیہ کے عہدیدار جرمانے عائد کریں گے اور ان جرمانوں کو پولیس کے ای چالان طرز پر شروع کیا جائے گا۔ کمشنر بلدیہ ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے جاری کردہ اپنے بیان میں یہ بات بتائی۔ انھوں نے بتایا کہ شہر میں عام کچرے کے مقامات کی منتقلی اور گھر گھر کچرا حاصل کرنے کے لئے کچرے دان اور آٹوز کو منظور کیا گیا۔ تاہم باوجود اس کے کھلے عام کچرا پھینکنے اور ضرورت سے فارغ ہونے کی حرکات جاری ہیں۔ جبکہ سینکڑوں کی تعداد میں موبائیل ماڈرن ٹائیلٹ کا انتظام کیا جاچکا ہے۔ ان حالات کو دیکھتے ہوئے بلدیہ نے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف جرمانوں کا فیصلہ کیا ہے اور بلدیہ کے خصوصی عہدیدار یہ جرمانے عائد کریں گے۔ اس کے علاوہ شہر میں ہوٹل مالکین کی اُلجھن میں بھی بلدیہ کے اس فیصلہ میں اضافہ ہوگا۔ چونکہ کمشنر نے ہوٹل، ریسٹورنٹ مالکین کو پابند کردیا ہے کہ وہ کاروباری اداروں سے حاصل ہونے والے کچرے کو راست ٹرانسفر اسٹیشن تک پہونچانے کا خود انتظام کریں۔