برسر اقتدار ٹی آر ایس قائدین سے سرکاری عہدیداران ہراسانی کا شکار

جنگاؤں کلکٹر کا انکشاف حقائق پر مبنی ، سی ایچ وینکٹ ریڈی کا بیان
حیدرآباد ۔ 28 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ ریاستی سی پی آئی کمیٹی نے آئی اے ایس عہدیداروں و دیگر رتبہ کے حامل آفیسروں کے ساتھ ( ٹی آر ایس ) قائدین کے اختیار کردہ طرز عمل و غیر شائستہ برتاؤ کرنے کے ساتھ ساتھ حملے کرنے کے پیش آنے والے واقعات کی سخت مذمت کی اور کہا کہ آئی اے ایس عہدیداروں و دیگر سرکاری آفیسروں پر غیر قانونی کاموں کے لیے دباؤ ڈالنا اور ان کے کاموں میں رکاوٹیں پیداکرنا ، انہیں ہراساں کرنا مناسب نہیں ہے ۔ مسٹر سی ایچ وینکٹ ریڈی سکریٹری کمیٹی تلنگانہ نے یہ بات کہی اور بتایا کہ ٹی آر ایس قائدین کی جانب سے سرکاری عہدیداروں بشمول آئی اے ایس آفیسرس کو ہراساں کرنا ، انتہائی شرم کی بات ہے ۔ اگر اس طرح کے واقعات کسی اپوزیشن جماعت کے قائدین کی جانب سے پیش آتے تو یہی ٹی آر ایس قائدین واویلا مچاتے ہوئے عہدیداروں کو ہراساں کرنے والے اپوزیشن جماعت کے قائدین کو جیل بھیجوانے تک سکون کی سانس نہیں لیتے ۔ انہوں نے کہا کہ تالاب اراضی پر قبضہ کرنے کے سلسلہ میں رکن اسمبلی جنگاؤں مسٹر متی ریڈی یادگیر ریڈی ، مجھ پر زبردست دباؤ ڈالنے سے متعلق خود ضلع کلکٹر سری دیواسینا کا انکشاف ہی ٹی آر ایس قائدین کی عہدیداروں کے ساتھ مبینہ زیادتیاں و ہراساں کرنے کی زندہ مثال ثابت ہوئی ہے ۔ سکریٹری نے پر زور الفاظ میں کہا کہ کوئی بھی آئی اے ایس عہدیدار سیاسی قائدین کو ہر اعتبار سے برداشت کرتا ہے لیکن جب انتہا ہوجاتی ہے تو اپنے عہدے کا بھی پاس و لحاظ کیے بغیر حقائق کا انکشاف کرنے پر مجبور ہوجاتا ہے اور یہی صورتحال ضلع کلکٹر جنگاؤں کی ہے ۔ جنہوں نے بحالت مجبوری حقائق کا صحافت کے روبرو انکشاف کیا کیوں کہ انہیں اس کے سواء کوئی اور دوسرا راستہ نہیں تھا ۔ مسٹر سی ایچ وینکٹ ریڈی نے گذشتہ دو دن قبل میونسپل کمشنر ایلندو کے ساتھ ٹی آر ایس قائدین کے طرز عمل وحملہ کرنے کے پیش آئے واقعہ پر بھی سخت برہمی کا اظہار کیا اور اس واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف قانون مظالم درج فہرست اقوام و قبائل کے تحت کیس درج کرنے کا مطالبہ کیا اور جنگاؤں ضلع مستقر پر بتکماں کنٹہ کی ترقی کے نام پر رکن اسمبلی مسٹر متی ریڈی یادگیر ریڈی کی جانب سے کی گئیں بے قاعدگیوں کی سینئیر ریٹائرڈ جج کے ذریعہ مکمل تحقیقات کروانے کا حکومت سے پر زور مطالبہ کیا ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ مسٹر سی ایچ وینکٹ ریڈی سکریٹری سی پی آئی نے از خود بتکماں کنٹہ کے ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا اور حقیقی صورتحال سے واقفیت حاصل کی ۔۔