نئی دہلی ۔ 4 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سی پی آئی بزرگ لیڈر اے بی بردھن کے جسد خاکی کوآج نئی دہلی میں واقع سی پی آئی ہیڈکوارٹرس اجئے بھون منتقل کیا گیا جہاں مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے قائدین اور ان کے حامیوں نے پر اثر خراج عقیدت ادا کیا۔ بردھن کا طویل علالت کے بعد ہفتہ کو انتقال ہوگیا تھا۔ نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری ، سابق وزیراعظم منموہن سنگھ ، وزیر فینانس ارون جیٹلی ، دہلی کے لیفٹننٹ گورنر نجیب جنگ ، سی پی آئی (ایم) کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری اور کانگریس لیڈر راج ببر بھی ان اہم شخصیات میں شامل ہیں، جنہوں نے پارٹی ہیڈکوارٹر پہنچ کر بردھن کو خراج عقیدت ادا کیا۔ بردھن کی نعش کو سی پی آئی کے سرخ پرچم میں لپیٹ کر 10 بجے دن پارٹی ہیڈکوارٹر پہنچایا گیا تھا جہاں چینی سفارت خانہ کے اعلیٰ افسر لیوجن سونگ نے بھی وہاں پہنچ کر کمیونسٹ رہنما کو خراج عقیدت پیش کیا۔ 92 سالہ بردھن کا طویل علالت کے بعد جی بی پنتھ ہاسپٹل میں انتقال ہوا تھا ۔