بردوان ۔ 7 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام): مغربی بنگال میں ایک نمایاں پیشرفت کرتے ہوئے بردوان ٹاون کے غریب عوام کے لیے صرف 10 روپئے میں صحت بخش غذا فراہم کی جارہی ہے ۔ جب کہ یہ کھانا ، چاول ، دال اور سبزی ( سالن ) ، بھیجہ فرائی اور چٹنی پر مشتمل ہے ۔ بردوان ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سمترا موہن نے بتایا کہ برائے نام قیمت پر کھانے کی اسکیم یکم مئی کو شروع کی گئی اور روزانہ 2000 افراد کو دوپہر کا کھانا فراہم کیا جارہا ہے ۔ فی الحال میں کھانا صرف 12 تا 4 بجے دن دستیاب رہے گا ۔ جسے 12 تا 14 گھنٹے توسیع دینے کی تجویز ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ یہ اسکیم ، مقامی تاجرین اور خیراتی اداروں کے تعاون سے بردوان اٹاپورنا فاونڈیشن کی زیر نگرانی چلائی جارہی ہے تاکہ غریبوں کو کم قیمت پر معیاری کھانا فراہم کیا جاسکے ۔ اسکیم کے لیے 40 لاکھ روپئے زائد عطیات وصول ہوئے ہیں ۔۔