نئی دہلی ۔ 28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بردوان دھماکہ کیس میں اپنی تحقیقات کے سلسلہ میں این آئی اے نے مزید چار افراد کو گرفتار کیا جن کو گرفتار کیاگیا ان کی ولیم سنج، مطیع الرحمن، حبیب الرحمن اور غیاث الدین کی حیثیت سے شناخت کی گئی ہے۔ این آئی اے نے قبل ازیں شاہ نور عالم کو گرفتار کرلیا تھا جس اس کیس میں اصل مشتبہ ملزم ہے۔ آسام کے نلہاری ضلع سے تعلق رکھنے والے جماعت المجاہدین بنگلہ دیش کا مالیاتی ذہن ساز ہے۔ آج کی گرفتاری کی تفصیلات ظاہر کرتے ہوئے این آئی اے نے دعویٰ کیا کہ سلیم شیخ جے ایم بی کا کل وقتی کارکن تھا جس کی ذمہ داری پناہ گاہوں اور مالیہ کی فراہمی تھی۔ مطیع الرحمن شکیل غازی کا قریبی ساتھی تھا جو دھماکہ میں ہلاک ہوگیا۔ حبیب الرحمن ساجد کا قریبی ساتھی تھا اور بنگلہ دیشی جے ایم بی کا سینئر رکن تھا جسے این آئی اے نے قبل ازیں گرفتار کیا تھا ۔ چوتھا ملزم غیاث الدین منشی اپنی بیوی کے ساتھ جے ایم بی میں شامل ہوا تھا اور زیر تربیت تھا۔ این آئی اے نے تاحال جے این بی دہشت گرد گروپ کے قائم کردہ شاخوں کا پتہ چلایا ہے جو مرشد آباد ، ندیا، مالدا، بیر بھوم اور بردوان (مغربی بنگال) آسام میں بار پیٹا ، صاحب گنج اور جھارکھنڈ میں فاکور کے مقام پر قائم تھیں۔