دنیا بھر میں دہشت گردی کے سائے تلے سال نو کا جشن
دوبئی/ سڈنی ۔ /31 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) دوبئی ڈاؤن ٹاون میں مشہور63 منزلہ دی ایڈریس ہوٹل میں آج اس وقت مہیب آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا جبکہ عوام کی کثیر تعداد سال نو کا جشن منانے کیلئے جمع تھی ۔ یہ ہوٹل مشہور برج خلیفہ کے بالکل قریب واقع ہے جہاں سال نو کے موقع پر بڑے پیمانے پر آتشبازی کا مظاہرہ کیا جانے والا تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ہوٹل کی نچلی منزل میں آگ لگی جو دیکھتے ہی دیکھتے تیزی سے پھیل گئی اور بلند عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے ۔ عوام کو یہاں سے باہر نکلنے کیلئے رکاوٹیں فوری ہٹادی گیئں ۔ آگ اس قدر بھیانک تھی کہ اطراف و اکناف کی تقریباً 15 تا 20 عمارتیں دھویں کی لپیٹ میں آگیئں ۔ برج خلیفہ سے بھی عوام کا تیزی سے تخلیہ کرادیا گیا ۔ دوسری طرف دنیا بھر میں عوام نے دہشت گردی کے سائے تلے سال نو کا جشن منایا ۔ یوروپ میں جوش و خروش کافی کم رہا جبکہ پیرس میں امکانی خطرات کے پیش نظر سال نو کا جشن اور آتشبازی کے پروگرامس منسوخ کردیئے گئے تھے ۔ آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں عوام نے سال 2016 ء کا خیرمقدم کیا ۔ ہانک کانگ ، بیجنگ ، سنگاپور اور دیگر ایشیائی شہروں میں بھی سال نو کا جشن منایا گیا ۔ ماسکو میں پہلی مرتبہ ریڈ اسکوائر کو بند کردیا گیا جہاں روایتی طور پر سال نو کا جشن کافی جوش و خروش سے منایا جاتا تھا ۔
واٹس اپ جام ہوگیا
دوبئی ۔ /31 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) دنیا بھر میں پیامات کیلئے معروف اپلیکیشن واٹس اپ سال نو کے موقع پر عملاً جام ہوگیا ۔ لوگ ایک دوسرے کو سال نو کی مبارکباد دے رہے تھے کہ اچانک 8.40 بجے شب یہ سسٹم جام ہوگیا ۔ کافی دیر تک عوام الجھن میں مبتلا رہے ۔ تاہم رات دیر گئے اس کی خدمات دوبارہ بحال ہوئی ۔