نئی دہلی۔12ستمبر(سیاست ڈاٹ کام)مرکزی کابینہ نے ملک میں باقی بچی سبھی براڈ گیج ریلوے لائنوں کی پوری طرح برق کاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔وزیرریلوے پیوش گوئل نے بدھ کو پریس کانفرنس میں یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی صدارت میں اقتصادی امور کی کابینہ کمیٹی کی یہاں ہوئی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا۔برق کاری کا کام سبھی ریلوے سیکشنوں میں باری باری سے پورا کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے جہاں تیل پر ریلوے کا انحصار کم ہوگا وہیں ڈیزل انجن سے چلنے والی گاڑیوں کی وجہ سے ہونے والی آلودگی سے بھی آزادی ملے گی۔جن ریلوے لائنوں کی پوری طرح سے برق کاری نہیں ہوئی ہے اور منزل تک پہنچنے سے پہلے راستے میں ہی بجلی کے انجن کو ڈیزل انجن میں بدلنا پڑتا ہے ان سبھی راستوں کی جلد ہی ترجیح کے ساتھ برق کاری کی جائے گی تاکہ سفر کو پورا کرنے میں کم وقت لگے اور سفر کو زیادہ آرام دہ اور آسان بنایا جاسکے ۔ریلوے وزیر نے کہا کہ اس فیصلے سے ریلوے آپریشن آسان ہوگا،ریل کی رفتار ،تحفظ اور طاقت بڑھے گی اور خدمت کے معیار میں اہم تبدیلی آئے گی۔ریلوے لائنوں کی برق کاری کے دوران 20.4کروڑ لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں جب سبھی براڈ گیج ریلوے لائنوں کی برق کاری ہوجائے گی تو اس سے ریلوے کے آپریشن میں خرچ ہونے والے ایندھن سے ہر سال 13510کروڑ روپے کی بچت کی جاسکے گی۔