برازیل میں 10 سالہ لڑکی کو لڑکا تولد

برازیلیا۔25 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) جنوب مشرقی برازیل کے ایک اسکول میں 10 سالہ بچی کو پیٹ میں درد کی شکایت پر اسپتال لے جایا گیا تو معلوم ہوا کہ وہ درد زہ میں مبتلا ہے اور کچھ ہی دیر بعد اس نے بچے کو جنم دیا ۔ بولیو ہورے زونٹو اسکول کی ٹیچرز نے کہا کہ وہ یہ جان کر حیران رہ گئیں کہ بچی سات ماہ کی حاملہ تھی اور اس کے ہاں بچے کی پیدائش دو ماہ قبل از وقت ہوگئی تھی۔ اگرچہ 10 سالہ بچی کے ہاں بچے کی ولادت کی خبر نے اس کی والدہ اور اساتذہ کو شدید ذہنی صدمہ پہنچایا لیکن اس کے بعد بچی نے جو انکشاف کیا اسے سن کر تو گویا سننے والوں پر سکتہ طاری ہوگیا۔ بچی نے اپنی والدہ کو بتایا کہ اس کے سوتیلے باپ نے اس کے ساتھ شیطانی حرکات کی تھی۔ خاتون نے فوری طور پر اس معاملے کی اطلاع پولیس کو دی جس نے 40 سالہ بدبخت شخص کو گرفتار کرلیا۔ میڈیا کے مطابق درندہ صفت شخص نے اپنے بھیانک جرم کا اعتراف کرلیا ہے۔