برادر عمران کے خلاف مقدمہ درج ‘ عدالتی تحویل میں دیدیا گیا

حیدرآباد۔ 7 اکتوبر (سیاست نیوز) میرچوک پولیس نے برادر عمران کو کل رات پیش آئے دو فرقوں کے درمیان منافرت پھیلانے کے واقعہ میں گرفتار کرکے عدالتی تحویل میں دے دیا۔ پولیس کے بموجب برادر عمران کے خلاف شکایت درج کروائی گئی جس میں بتایا کہ میر چوک پولیس حدود میں واقع جامع مسجد ابوبکرؓ میں کل رات تقریر کے دوران بعض ایسے الفاظ کا استعمال کیا جس سے دوسرے فرقہ کی دلآزاری ہوئی۔ عوام کو مشتعل کرنے کی وجہ سے ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ پولیس میرچوک نے برادر عمران کے خلاف تعزیرات ِ ہند کی دفعات 295A کے تحت مقدمہ درج کیا اور انہیں آج گرفتار کیا گیا۔ ڈی سی پی ساؤتھ زون عنبر کشور جھا نے کہا کہ کل رات اعتبار چوک میں واقع ایک مسجد میں متنازعہ تقریرکے بعد حالات کشیدہ ہوگئے تھے لیکن پولیس نے قابو پالیا اور دو مقدمات درج کئے گئے ۔ ایک مقدمہ برادر عمران اور دوسرا مقدمہ عمر ریحان جسے ہجوم نے زدوکوب کیا تھا، کی شکایت پر ہجوم میں موجود بعض افراد کے خلاف درج کیا گیا۔