بدھسٹوں نے ایک روہنگیا مسلم کو ہلاک کردیا

ینگون۔ 5 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بدھسٹ راہبوں کے ایک ہجوم نے ایک روہنگیا مسلم کو سنگ باری کرتے ہوئے ہلاک اور دیگر 6 افراد کو زخمی کردیا۔ یہ واقعہ یہاں کے راکھین اسٹیٹ میں رونما ہوا۔ حکام کا کہنا ہے کہ مذہبی کشیدگی اس علاقہ میں عرصہ دراز سے جاری ہے جس کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ روہنگیا مسلمانوں اور بدھسٹوں کے درمیان مذہبی اور مسلکی بنیاد پر جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں اور بدھسٹ چونکہ اکثریت میں ہیں لہذا مسلمانوں کو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑتا ہے۔ 2012ء میں جو خونریزی ہوئی تھی، اس میں سینکڑوں روہنگیا مسلمان ہلاک اور زائد از ایک لاکھ روہنگیا مسلمانوں کو پناہ گزین کیمپوں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہونا پڑا تھا۔ اب تک حکومت نے بھی دونوں فرقوں کے درمیان مصالحت کروانے کی مساعی نہیں کی جبکہ گزشتہ سال اکتوبر سے دونوں فرقوں کے درمیان کشیدگی میں اس وقت مزید اضافہ ہوچکا ہے جب روہنگیا انتہا پسندوں اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئی تھیں۔