عہدیداروں کے ساتھ مقام کا معائنہ، چیف منسٹر سنگ بنیاد رکھیں گے
حیدرآباد۔/3جنوری، ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر صنعت و آئی ٹی کے ٹی آر نے کہا کہ بدویل میں آئی ٹی کلسٹر قائم کیا جائے گا۔ 30 بڑی کمپنیوں سے مشاورت کی جارہی ہے جس سے ایک لاکھ 25 ہزار نوجوانوں کو روزگار حاصل ہوگا۔ کے ٹی آر نے آج بدویل اور راجندر نگر میں آئی ٹی کلسٹر قائم ہونے والے مقامات کا صبح عہدیداروں کے ساتھ دورہ کیا ۔ کلسٹر کے قیام کیلئے حاصل کی جانے والی اراضیات کا معائنہ کیا ۔ وزیر صنعت نے کہا کہ حکومت بدویل میں مزید ایک آئی ٹی کلسٹر قائم کرنے کیلئے تیاریاں کررہی ہے اور بہت جلد چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو کے ہاتھوں اس کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ اس کلسٹر میں کمپنیوں کے قیام کیلئے 30 سے زائد ادارے حکومت سے تبادلہ خیال کررہے ہیں جس میں آئی ٹی شعبہ کے نامور ادارے عالمی سطح کی ملٹی نیشنل کمپنیاں شامل ہیں ان کمپنیوں کی درخواست پر وہ ناموں کا انکشاف کرنے سے گریز کررہے ہیں۔ کمپنیوں سے یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے جائیں گے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ حکومت تلنگانہ آئی ٹی کمپنیوں کو شہر کے مضافات کے ساتھ ساتھ ضلعی ہیڈ کوارٹرس تک توسیع دینے کے عملی اقدامات کررہی ہے اور جس کے مثبت نتائج بھی برآمد ہورہے ہیں۔ نئے کلسٹر سے آئی ٹی شعبہ کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔ اس کلسٹر میں تمام بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے اس کیلئے ماسٹر پلان تیار کرنے کی ٹی ایس آئی آئی سی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ وزیر آئی ٹی نے کہا کہ کمپنیوں کے قیام سے تقریباً 1.25 لاکھ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع حاصل ہوں گے۔ آئندہ 5 سال میں تمام کمپنیوں کا مکمل قیام عمل میں آجائیگا۔ انہوں نے کہا کہ راجندرنگر میں چند خانگی افراد حکومت کو اراضی فراہم کرنے کے معاملے میں مکمل تعاون کررہے ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ کلسٹر کاموں کی عاجلانہ تکمیل کیلئے چیف سکریٹری بہت جلد محکمہ آئی ٹی ، محکمہ مال،ضلع رنگاریڈی، ٹی ایس آئی آئی سی کے عہدیداروں کے ساتھ ایک اجلاس طلب کریں گے۔