بدمعاشوں نے پولیس پر حملہ کیا،ہوم گارڈ زخمی

شاملی، 3اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام)اترپردیش میں شاملی کے جھنجھانا تھانہ علاقے میں بدمعاشوں نے گشت کر رہی پولیس پر حملہ کردیا ہے اس حملے میں گولی لگنے سے ایک ہوم گارڈ جوان زخمی ہوگیا جبکہ ہیڈکانسٹیبل سے مارپیٹ کرکے بدمعاشوں نے اس کی رائفل لوٹ لی ہے ۔ پولیس نے آج بتایا کہ جھنجھانا تھانہ علاقے کے گاؤں بیڈولی -چوسانا راستے کے درمیان کل رات تقریباً 11بجے گشت کر رہے بائک سوار پولیس کے جوان اور ہوم گارڈ پر بدمعاشوں نے حملہ کردیا۔اس دوران ہوم گارڈ سنجے کو بدمعاشوں نے گولی ماردی جبکہ ہڈ کانسٹیبل سنسار سنگھ کو مارپیٹ کر اس کی رائفل لوٹ لی ۔زخمی سپاہی سنسار کے مطابق حملہ کرنے والے بدمعاش چار سے چھ کی تعداد میں تھے ۔
اطلاع ملتے ہی پولیس ڈپٹی انسپکٹر جنرل(ڈی آئی جی)سہارن پور شرد سچان کے ساتھ پولیس سپرنٹنڈنٹ (ایس پی)دنیش کمار نے موقع پر پہنچ کر معاملے کی معلومات حاصل کی ،ساتھ ہی لوٹی گئی رائفل اور بدمعاشوں کی تلاش کے لئے پولیس کی پانچ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں،جلد ہی سبھی ملزمین پولیس کی گرفت میں ہوں گے ۔