بدعنوان وزراء اور چیف منسٹرس کے استعفوں تک پارلیمنٹ میں احتجاج

حکومت کا افسوس مضحکہ خیز ، کانگریس رکن راجیہ سبھا رینوکا چودھری
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کی رکن راجیہ سبھا مسز رینوکاچودھری نے بدعنوان وزراء اور چیف منسٹرس کے استعفوں تک پارلیمنٹ کی دونوں ایوانوں کو چلنے نہ دینے کا انتباہ دیا ۔ 10 دن بعد ایوان کی کارروائی پر حکومت کے افسوس کو مضحکہ خیز قرار دیا ۔ پارلیمنٹ کا اجلاس ملتوی ہونے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مسز رینوکا چودھری نے کہا کہ بدعنوانی کا سامنا کرنے والی مرکزی وزیر سشما سوراج ، چیف منسٹر مدھیہ پردیش چوہان اور چیف منسٹر راجستھان کے استعفوں تک پارلیمنٹ کی کارروائی کو چلنے نہیں دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ اجلاس کے پہلے دن سے کانگریس پارٹی اور دوسری اپوزیشن جماعتیں بدعنوان وزراء اور چیف منسٹرس سے استعفے کا مطالبہ کررہے ہیں ۔ اتنے دن تک این ڈی اے حکومت نے اپوزیشن کا کوئی جواب نہیں دیا ۔ ایوانوں کا قیمتی وقت ضائع کیا ۔ آج کل جماعتی اجلاس طلب کرتے ہوئے این ڈی اے حکومت مگرمچھ کے آنسو بہانے کی کوشش کررہی ہے ۔ جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے تینوں قائدین کے استعفوں تک پارلیمنٹ کی کارروائی باقاعدہ نہیں رہے گی ۔ اگر بی جے پی کے زیر قیادت این ڈی اے حکومت کو ایوانوں کی کارروائی باقاعدہ بنانا ہے تو وہ تینوں قائدین سے استعفیٰ طلب کریں ۔۔