کانگریس کو ذمہ دار اپوزیشن کا رول ادا کرنے کے ٹی آر کا مشورہ
حیدرآباد 7 فبروری (سیاست نیوز)وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راو نے کہا کہ کانگریس کے تلنگانہ قائدین ابھی ٹرائیل دیکھ رہے ہیں جبکہ حقیقی فلم کا آغاز ابھی باقی ہے جس کا وہ بعد میں مشاہدہ کریں گے ۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کے ٹی راما راو نے کہا کہ بد عنوانیوں اور اسکامس میں ملوث قائدین ٹی آر ایس حکومت پر تنقیدیں کررہے ہیں ان میں سے کئی قائدین تحقیقات اور عدالتی کارروائیوں کا سامنا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بد عنوانیوں میں ملوث قائدین کو حکومت پر تنقید کا حق حاصل نہیں۔ انہوں نے کانگریس کی جانب سے ریالی اور پدیاترا کو بے فیض قرار دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس قائدین لاکھ پدیاترا کرلیں انہیں کوئی فائدہ نہیں ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کو عوام نے مسترد کردیا ہے اور کسی بھی صورت میں انہیں دوبارہ عوام کی تائید حاصل نہیں ہوگی۔ انہوں نے کانگریس کو مشورہ دیا کہ وہ ذمہ دار اپوزیشن کا رول ادا کریں اور حکومت پر بیجا تنقیدوں سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ پی سی سی صدر پونالہ لکشمیا کو کئی طرح کی یاترا کرنا پڑے گا ۔ اُن کا اشارہ پونالہ لکشمیا کے خلاف جاری سی بی آئی تحقیقات کی طرف تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں کانگریس پارٹی کو عوام نے مسترد کردیا ہے اور تلنگانہ نے کانگریس اور تلگودیشم کے احیاء کا کوئی امکان نہیں ۔ تلنگانہ ریاست میں مستقل صرف ٹی آر ایس کا ہے اور آئندہ انتخابات میں دوبارہ ٹی آر ایس کو کامیابی حاصل ہوگی۔