بدعنوان عہدیدار حکومت کیلئے قطعی ناقابل برداشت

تلگو ماہنامہ تلنگانہ ریونیو کا رسم اجراء، محمد محمود علی اور دتاتریہ کا خطاب

حیدرآباد۔6اگست(سیاست نیوز) تلنگانہ تحصیلدار اسوسیشن کے زیراہتمام شائع ہونے والے تلگو ماہنامہ تلنگانہ ریونیو کی رسم اجراء ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ جناب محمدمحمودعلی کے ہاتھوں انجام پائی۔جبکہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے مرکزی وزیر لیبر بنڈارو دتاتریہ نے شرکت کی جبکہ سابق چیف جسٹس پرکاش رائو‘ایم وی ناگیشوار رائو‘ وی بالاکرشنا ریڈی ‘ وی مرلی اور تحصیلدار اسوسیشن کے ذمہ داران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ رسم اجرائی سے قبل تلنگانہ نظریہ ساز پروفیسر جئے شنکر خراج عقیدت پیش کیا گیا۔جناب محمد محمودعلی نے خطاب کرتے ہوئے تلنگانہ کی ترقی میںمحکمہ مال کی کارکردگی کو ناقابل فراموش قراردیا۔ اور حکومتیں فلاحی اسکیمات کا تو اعلان کرتی ہے مگر ان کو عوام تک پہنچانے کی اہم ذمہ داری محکمہ مال کے عہدیداروں پرہی عائد ہوتی ہے ، آج ریاست کو ہندوستان کی نمبر ایک ویلفیرریاست اور چیف منسٹر کو نمبرون کا اعزاز حاصل ہے لیکن جب تک سرکاری ملازمین کو حکومت کاتعاون حاصل نہیںہوتا تب تک ریاست میں ویلفیر کا کام کامیابی کے ساتھ نہیںکیاجاسکتا۔ جناب محمد محمودعلی نے کہاکہ حکومت کسی بھی محکمہ میںبدعنوانی اور رشوت خوری کو ہرگز برداشت نہیںکریگی ۔ انہوں نے کہاکہ بے قاعدگیوں میں ملوث عہدیداروں کو نہ صرف برطرف کردیاجائے گا بلکہ انہیں سخت سزا بھی دی جائے گی۔ جناب محمد محمودعلی نے تلنگانہ ریونیو کی رسم اجرائی کومحکمہ مال میںلائے جارہے اصلاحات کوعوام تک پہنچانے میںمددگار قراردیا۔انہوں نے کہاکہ سنگل ونڈو سسٹم کے ذریعہ درمیانی لوگوں کو ختم کرنے کی جو پہل حکومت نے کی وہ بہت حد تک کامیاب رہی ہے۔بنڈارودتاتریہ نے کہاکہ تلنگانہ ریونیو کو عوام میں شعور بیداری کے لئے کارگرد قراردیا۔ انہو ںنے کہاکہ ریونیو ریکارڈ میں کوتاہی کے سبب آج بھی اراضیات کی رجسٹریشن میںدھاندلیوں کے واقعات پیش آرہے ہیں اور حکومت تلنگانہ سے مطالبہ کیاکہ بدعنوانی اور رشوت خوری پر روک لگانا مرکزی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور ریاستی حکومتوں کے ایسے ہر اقدام جس میںبدعنوانی پر کارضرب لگانے کاکام کیاجارہا ہے اسکو مرکز کی مکمل تائید وحمایت حاصل رہے گی۔انہوں نے کہاکہ پہلی بار کسی شریف النفس اور ایماندار شخص کو محکمہ مال کی ریاست میںذمہ داری تفویض کی گئی ہے اور ہمیںامید ہے ریاستی وزیرمال محمد محمودعلی اس محکمہ کو ترقی کی بلندیوں پر لے جانے کاکام کریںگے۔