بدعنوانی کے نتیجے میں ایک ٹریلین ڈالر کا نقصان، تازہ رپورٹ

کینبرا۔ 03 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) دنیا کے پسماندہ ملکوں کو بدعنوانی کے نتیجے میں سالانہ ایک ٹریلین ڈالر کا نقصان ہورہا ہے۔ یہ بات غربت کے خلاف کام کرنے والی عالمی تنظیم ’وَن‘ نے اپنی تازہ رپورٹ میں بتائی ہے۔ اس گروپ نے G-20ملکوں پر زور دیا ہے کہ وہ پسماندہ ملکوں کو نقصان کی وجوہات کے خلاف کارروائی کریں جن میں غیرقانونی رقمی لین دین، رشوت، ٹیکس چوری اور بدعنوانی شامل ہیں۔ واشنگٹن ڈی سی میں قائم اس گروپ نے ترقی پذیر ملکوں کیلئے بدعنوانی کی اقتصادی قیمت کے موضوع پر رپورٹ چہارشنبہ کو آسٹریلیائی دارالحکومت میں جاری کی ہے۔ اس مقصد کیلئے پارلیمنٹ ہاؤس میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں امریکہ، کینیڈا، سعودی عرب اور جنوبی افریقہ کے سفارت کار بھی شریک ہوئے۔