بدعنوانی معاملات میں نتن یاہو سے بارہویں بار پوچھ گچھ

یروشلم ۔ 5 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیلی پولیس ملک کے وزیراعظم بنجامن نتن یاہو سے بدعنوانیوں سے متعلق بارہویں بار پوچھ گچھ کررہی ہے۔ جمعہ کے روز تحقیقاتی افسران یروشلم میں واقع نتن یاہو کی سرکاری رہائش گاہ پر پہنچے جہاں رہائش گاہ سے باہر پہلے ہی سینکڑوں احتجاجی ہاتھوں میں بیانرس لئے نعرے بازی کررہے تھے اور بیانرس پر ’’کرائم منسٹر‘‘ تحریر تھا اور وہ بدعنوان وزیراعظم کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے عوام سے انصاف کرنے کا مطالبہ کررہے تھے۔ نتن یاہو پر الزام ہیکہ انہوں نے انتہائی مالدار شخصیات سے غیرقانونی طور پر تحائف حاصل کئے ہیں اور میڈیا میں مثبت کوریج کیلئے سودے بازی کی۔ اس سلسلہ میں اب تک پولیس نے کوئی بیان نہیں دیا ہے۔ یاد رہیکہ قبل ازیں نتن یاہو سے ماہ اگست میں پوچھ گچھ کی گئی تھی جبکہ موصوف نے ان تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے انہیں یہ کہہ کر مسترد کردیا ہیکہ یہ سب ان کے خلاف میڈیا کی کارستانی ہے۔ دو دن قبل ان کی شریک حیات سارہ نے بھی اپنی سرکاری رہائش گاہ پر کیٹرنگ کیلئے سرکاری فنڈس کے بیجا استعمال سے متعلق الزامات پر عدالت میں حاضر ہوئی تھیں۔ تاہم ان کے شوہر نتن یاہو پر کسی بھی مقدمہ میں ہنوز کوئی واضح الزام عائد نہیں کیا گیا ہے۔ نتن یاہو سے اسرائیلی ٹیلی کام کے سرکردہ ادارہ بیزیق اور اس کے سب سے بڑے حصص بردار شاول ایلووچ سے متعلق الزامات پر 12 مرتبہ پوچھ گچھ کی جاچکی ہے۔