تامدار اسوسی ایشن کی ڈائری کا رسم اجراء ، جناب محمد محمود علی و دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔27فبروری(سیاست نیوز) بدعنوانی سے پاک انتظامیہ ریاستی حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کو کامیاب بنانے کے لئے محکمہ اوزان وپیمائش کو اپنا کام پوری ایمانداری کے ساتھ کرنا ہوگااور حکومت تلنگانہ بھی دیانتداری کے ساتھ اپنا کام انجام دینے والوں کے ساتھ مکمل تعاون کریگی۔ آج یہاں ایس وی کیندرم ہال میں تامدار محکمہ اوزان پیمائش تلنگانہ ‘ حیدرآباد ڈائری کی رسم اجرائی تقریب سے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعلی تلنگانہ ریاست الحاج محمد محمو دعلی ان خیالات کا اظہار کررہے تھے۔ایڈیشنل ڈی جی پی ایس گوپال ریڈی آئی پی ایس‘ تامدار اسوسیشن کے صدر محمد ربانی‘ نائب صدر رویند رریڈی کے علاوہ دیگر نے بھی اس تقریب سے خطاب کیا۔ اپنے سلسلہ خطاب کو جاری رکھتے ہوئے جناب محمد محمود علی نے کہاکہ اوزان وپیمائش کے آلات تیار کرنے والے تامدار طبقے کے ساتھ بھی متحدہ ریاست میں بڑی حدتک ناانصافیو ں کا سلسلہ جاری رہاہے مگر تلنگانہ حکومت مذکورہ طبقات کے ساتھ بھی مکمل تعاون کے لئے سنجیدہ ہے بشرطیکہ اوزان وپیمائش کے آلات میں بھی تامدار طبقے پوری دیانتداری کا استعمال کرے۔ جناب محمد محمو دعلی نے تامدار برادری کو درپیش لائسنس رنیویل قوانین میں بھی تبدیلی لانے کے متعلق غور وخوض کا بھی اس موقع پر ذکر کیا ۔ انہوں نے کہاکہ تین سال میں ایک مرتبہ کے بجائے دو سال میں ایک بار رینویل کی سہولت فراہم کرنے کا بھی انہوں نے تامدار برادری کو تیقن دیا۔ جناب محمد محمو دعلی نے اوزان وپیمائش کے آلات کی تیاری میں عصری ٹکنالوجی استعمال کرنے کا بھی تامدار برادری کو مشورہ دیا۔انہوںنے محکمہ اوزان وپیمائش کی نگرانی کے لئے متعین کئے گئے ڈی جی پی ایس گوپال ریڈی کی کارکردگی کی بھی ستائش کی اور کہاکہ ریاست تلنگانہ میںآئی پی ایس اور آئی اے ایس عہدیداروں کی کمی کے سبب دیگر ریاستوں کے عہدیداروں کا تقرر کیا جارہا ہے مگر گوپال ریڈی تلنگانہ کے آئی پی ایس عہدیدار ہیںجن کو دیکھ کر کافی مسرت ہوتی ہے ۔