بدصورتی کی وجہ سے نوجوان کی خودکشی

غازی آباد۔/4فروری، ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک 25سالہ نوجوان جو ایک کال سنٹر میں ملازمت کرتا تھا، اس نے اتوار کے روز خودکشی کرکے پولیس کو بھی تذبذب میں مبتلاء کردیا۔ متوفی جیون سرکار مغربی بنگال کے سلیگوڑی کا ساکن تھا اور نوئیڈا سے مربوط ایک کال سنٹر میں ملازمت کیا کرتاتھا۔ اس نے ایک سال قبل غازی آباد منتقل ہوکر ملازمت کا سلسلہ جاری رکھا تھا۔ پولیس نے بتایاکہ متوفی اپنے کرائے کے کمرے میں پھانسی پرلٹکا ہوا پایا گیا۔ اس کی جیب سے دو خودکشی نوٹس برآمد ہوئے جس سے یہ انکشاف ہوا کہ اس نے اپنی خودکشی کی تاریخ چھ ماہ پہلے ہی تعین کرلی تھی۔ متوفی جیون سرکار اپنی بدصورتی سے نالاں تھا اور خود کو اپنے دوستوں کے درمیان احساس کمتری میں مبتلا پاتا تھا۔

شادی کی تقریب میں فائرنگ سے ایک ہلاک
اعظم گڑھ۔/4فروری، ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک بزرگ شخص کا موضع مانک پور میں ایک تقریب کے دوران کی گئی علامتی فائرنگ میں ہلاکت کا واقعہ پیش آیا۔ پولیس نے بتایا کہ 60سالہ بھوول رام نے گذشتہ شب شادی کی ایک تقریب میں شرکت کی تھی جہاں خوشی کے موقع پر فائرنگ کی گئی لیکن بدقسمتی سے ایک گولی بھوول رام کو لگ گئی جس سے وہ شدید طور پر زخمی ہوگیا اسے فوری ہاسپٹل روانہ کیا گیا جہاں دوران علاج اس کی موت واقع ہوگئی۔