نئی دہلی۔ 26 جون (سیاست ڈاٹ کام) سی بی آئی نے آج بدایوں دوہرے عصمت ریزی اور قتل مقدمہ میں تمام پانچ ملزمین کا پولی گراف ٹسٹ مکمل کرلیا ہے اور کہا کہ ان کے بیانات میں کسی قدر فرق بھی ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سی بی آئی ذرائع کے مطابق تمام پانچ ملزمین کا پولی گراف ٹسٹ مکمل ہونے کے بعد متاثرہ لڑکیوں کے ارکان خاندان کا بھی ٹسٹ کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ٹسٹ کے دوران بعض سوالات میں فرق دیکھا گیا تاہم اس کا انکشاف کرنے سے عہدیداروں نے گریز کرتے ہوئے کہا کہ تحقیقاتی عمل متاثر ہوگا۔
واضح رہے کہ 14 اور 15 سال کی دو بہنیں 27 مئی کی شب سے لاپتہ تھیں اور ان کی نعشیں 28 مئی کو گاؤں میں ایک درخت سے لٹکتی پائی گئیں۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں یہ توثیق ہوئی کہ قتل سے پہلے ان دونوں کی عصمت ریزی کی گئی تھی۔ بدایوں میں پیش آئے اس واقعہ کے خلاف ملک گیر احتجاج کیا گیا اور عوام نے اُترپردیش میں لا اینڈ آرڈر کی صورتحال پر تشویش ظاہر کی۔ سنٹرل فارنسک سائنس لیباریٹری ٹیم نے آج ملزمین کا پولی گراف ٹسٹ کیا۔