بحیثیت چیف منسٹر کے سی آر کا آج پہلا دورہ کریم نگر

شہر کی تجدید کیلئے پروگرام کا افتتاح اور ڈیم کا معائنہ متوقع
کریم نگر ۔ 4اگست ( پی ٹی آئی ) تلنگانہ کے چیف منسٹر کالوا کنٹلہ چندر شیکھر راؤ ( کے سی آر) شہرکریم نگر کی تجدید و تزائن نو کے پروگرام کا افتتاح کرنے کیلئے منگل کو کریم نگر پہنچیں گے ۔ چیف منسٹر کے اس دورہ کا آج یہاں سرکاری طور پر اعلان کیا گیا ۔ کے سی آر نے انتخابی مہم کے دوران تیقن دیا تھا کہ کریم نگر کو ’ماڈل سٹی ‘ میں تبدیل کیا جائے گا ۔ کریم نگر میونسپل کارپوریشن کے میئر ایس رویندر سنگھ نے کہا کہ اس وعدہ کی تکمیل کیلئے ایک تجدیدی پراجکٹ ’ کریم نگر سٹی رنویشن ‘ ( کے سی آر) شروع کیا جارہا ہے ۔ تلنگانہ کے چیف منسٹر توقع ہے کہ کار کے ذریعہ کریم نگر کے مضافات میں واقع نشیبی منیارڈیم پہنچیں گے جہاں وہ ڈیم کے معائنہ کے بعد مقامی طور پر منعقد کئے جانے والے ترقیاتی پروگرام میں شرکت کریں گے ۔ کریم نگر پولیس سپرنٹنڈنٹ پی وی شیوا کمار نے کہا کہ سیکیورٹی انتظامات کے طور پر مختلف زمروں سے تعلق رکھنے والے 800ملازمین و افسران پولیس کو تعینات کیا جارہا ہے ۔ علاوہ ازیں مقامی پولیس بھی اہم مقامات پر بدستور تعینات رہے گی۔ توقع ہے کہ چیف منسٹر کے سی آر کلکٹریٹ آڈیٹوریم میں ریاستی عہدیداروں کے ایک جائزہ اجلاس میں بھی شرکت کریں گے ۔ وزیر فینانس ایٹالہ راجندر ‘ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے تارک راما راؤ اور دوسرے بھی اس پروگرام میں شرکت کریں گے ۔ کے سی آر کا بحیثیت چیف منسٹر تلنگانہ چونکہ یہ پہلا دورہ کریم نگر ہے چنانچہ اُن کی جماعت تلنگانہ راشٹرا سمیتی ( ٹی آر ایس) اس پروگرام کو مثالی طور پر کامیاب بنانے کی تیاریوں میں مصروف ہے ۔