واشنگٹن۔ 5؍جنوری (سیاست ڈاٹ کام)۔ امریکہ نے آج برف کاٹنے والا ایک دھاری بحری جہاز روسی اور چینی بحری جہازوں کے 120 ارکان عملہ کو بچانے کے لئے روانہ کیا ہے۔ یہ دونوں بحری جہاز بحر منجمد جنوبی میں 4 میٹر دبیز برف کے درمیان پھنس گئے ہیں۔ امریکی ساحلی محافظین نے اعلان کیا کہ قطب ستارہ نامی بحری جہاز روسی اور چینی ارکان عملہ کو بچانے کے لئے روانہ کیا جائے گا۔ قبل ازیں آسٹریلیائی بحریہ کا بحری جہاز روسی اور چینی بحری جہازوں کو بچانے کے لئے روانہ کیا گیا تھا، لیکن وہ اس مہم میں ناکام رہا۔ وائس اڈمیرل پال ایف زوکونف نے کہا کہ امریکی ساحلی محافظین آسٹریلیا کی درخواست پر روانگی کے لئے تیار ہے۔
ہماری سب سے بڑی ترجیح سمندر میں انسانی جانوں کی حفاظت ہے۔ اسی وجہ سے ہم ان دونوں بحری جہازوں کو برف کاٹ کر باہر نکالنے کے لئے اپنا برف شکن بحری جہاز روانہ کریں گے۔ ہمیں خوشی ہے کہ بحری جہاز اکیڈیمک شوکالسکی کے مسافروں کو بہ حفاظت منتقل کیا جاچکا ہے۔ قطب ستارہ امریکی ساحلی محافظین کا واحد سرگرم بھاری قطبی برف کاٹنے والا بحری جہاز ہے۔ یہ سیاٹل سے اپنی مہمات پر روانہ کیا جاچکا ہے۔ 399 فیٹ طویل قطب ستارہ بحری جہاز سڈنی میں توقف کرنے والا تھا، لیکن اب آسٹریلیا کی درخواست پر بِلاتوقف کئے بحر منجمد جنوبی روانہ ہوچکا ہے۔ 50 سالہ کریر میں امریکی ساحلی محافظین کے برف شکن عملہ کو بحر منجمد جنوبی کی کئی مہمات پر روانہ کیا گیا تھا۔