نئی دہلی۔/7مارچ، ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی بحریہ کے جہاز وں کو ایسا معلوم ہوتا ہے کہ کسی کی نظر لگ گئی ہے۔ کچھ روز قبل آبدوز حادثہ کے بعد مزید ایک حادثہ رونما ہوا جہاں ممبئی کے مچگاؤں ڈاک لمیٹیڈ میں ٹہرے ہوئے ایک بحری جہاز میں گیس کے اخراج سے کمانڈر رینک کے ایک آفیسر کی موت ہوگئی۔ جبکہ کچھ دیگر عہدیداروں کو بھی علاج کیلئے ہاسپٹل میں شریک کیا گیا۔ آئی این ایس یارڈ۔701 جسے مچگاؤں ڈاک میں ہی تعمیر کیا گیا تھا، اس کے کاربن ڈائی آکسائیڈ یونٹ میں اسوقت خرابی پیدا ہوگئی جب مشینوں کی جانچ پڑتال کی جارہی تھی اور اچانک گیس کا اخراج شروع ہوگیا۔ یاد رہے کہ آئی این ایس سندھو رتنا میں ایک ہفتہ قبل آتشزدگی واقعہ میں بحریہ کے دو عہدیدار ہلاک ہوگئے تھے جبکہ دیگر سات ملاح شدید طور پر متاثر ہوئے تھے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بیجا نہ ہوگا کہ گذشتہ سات ماہ کے دوران بحریہ کا یہ 12واں حادثہ ہے جہاں بحریہ کے اثاثہ جات کو نقصان پہنچا۔ گذشتہ سال 14اگسٹ کو سب سے بڑا حادثہ اسوقت پیش آیا تھا جب آئی این ایس سندھو رکشک اپنے عملے کے 18ارکان کے ساتھ ممبئی بندرگاہ سے قریب غرقاب ہوگیا تھا۔
مکان میں آگ لگنے سے ایک بچی ہلاک
مظفر نگر۔/7مارچ، ( سیاست ڈاٹ کام ) ضلع شاملی کے موضع کھیری کرمو میں ایک مکان میں آتشزدگی سے ایک بچی ہلاک اور خاندان کے دیگر دو افراد شدید طور پر جھلس گئے۔ پولیس نے بتایا کہ حادثہ کل رات اس وقت ہوا جب گھر کے تمام افراد محو خواب تھے جس میں دو سالہ بچی ہلاک ہوگئی ۔ دیگر دو افراد کو تشویشناک حالت میں دہلی ہاسپٹل سے رجوع کیا گیا۔