آکلینڈ۔ 9 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ میں بحریہ کے ایک سینیئر افسر کو بیت الخلاء میں خفیہ کیمرہ نصب کرنے پر مقدمے کا سامنا ہے۔ بحریہ کے ایک سینیئر افسر پر الزام ہے کہ انھوں نے واشنگٹن میں نیوزی لینڈ کے سفارت خانے کے بیت الخلاء میں خفیہ کیمرہ لگایا تھا۔ یہ کیمرہ 2017 ء میںامریکی دارالحکومت میں قائم نیوزی لینڈ کے سفارت خانے کی تیسری منزل پر لگایا گیا تھا۔ آکلینڈ کی عدالت میں کمانڈر الفریڈ کیٹنگ پر فرد جرم عائد کی گئی ہے کہ اس نے ’’ریکارڈنگ‘ ‘کی کوشش کی۔ فرد جرم عائد ہونے پر الفریڈ کیٹنگ نے الزام قبول کرنے سے انکار کیا۔عدالت میں پیش کی گئی دستاویز کے مطابق یہ کیمرہ باتھ روم کے اوپر تاروں کے ساتھ منسلک کیا گیا تھا اور اس کا پتہ اس وقت چلا جب پورا پینل زمین پر گرگیا۔نیوزی لینڈ کے سفارت خانے میں اس وقت 60 افراد ملازمت کر رہے تھے۔ دستاویز کے مطابق ’’کیمرے پر پڑی گرد کی تہہ سے معلوم ہوا کہ اسے کئی ماہ قبل وہاں لگایا گیا تھا‘‘۔کیمرے کے میموری کارڈ سے الفریڈ کیٹنگ کی انگلیوں کے نشانات ملے ۔