بحرہند کے ممالک ہندوستان کیلئے اہم

نئی دہلی ۔ 10 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ ہندوستان بحرہند کے علاقائی ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو ’’اولین اہمیت‘‘ دیتا ہے۔ یہ استحکام خود ہماری سلامتی اور ترقی کیلئے اہم ہے۔ مودی نے سیچیلیس، ماریشیس اور سری لنکا کے 5 روزہ غیرملکی دورہ پر روانگی سے قبل بیان دیتے ہوئے اعتماد ظاہر کیا کہ ان تینوں ممالک کا دورہ ہندوستان کے ان ممالک کے ساتھ تعلقات میں استحکام پیدا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تینوں ممالک علاقائی اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دورہ سے ہندوستان کی خارجہ پالیسی کی عکاسی ہوتی ہے جو اپنے تمام قریبی پڑوسیوں سے تعلقات مستحکم کرنے کو اہمیت اور اولین ترجیح دیتا ہے کیونکہ یہ ہندوستان کی ترقی اور سلامتی کیلئے اہم ہے۔ مودی نے کہا کہ وہ تینوں ممالک کے دورہ کے منتظر ہیں۔ ہندوستان مستحکم، کثیر جہتی اور اہم تعلقات تینوں ممالک میں سے ہر ایک سے رکھتا ہے اور تینوں ممالک اس کی خارجہ پالیسی کیلئے اہم ہیں۔ مودی نے کہا کہ ان کا دورہ سیچیلیس 1981ء کے بعد پہلے وزیراعظم کا دورہ ہوگا۔ وہ 11 تا 12 مارچ ماریشیس کا دورہ کریں گے اور 12 مارچ کو ماریشیس کی یوم آزادی تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ان کیلئے اعزاز ہے۔ 1930 کو ہی مہاتما گاندھی نے اپنا ڈانڈی مارچ شروع کیا تھا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ان کا دورہ سری لنکا باہمی تعلقات کو تمام جہتوں میں مستحکم کرنے کا ایک موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ اندرون ایک ماہ یہ دوسری اعلیٰ سطحی ملاقات ہوگی۔ گذشتہ ماہ وہ صدر سری لنکا مائتری پالا سری سینا سے نئی دہلی میں ملاقات کرچکے ہیں۔ وہ کسی وزیراعظم ہند کا اولین دورہ بھی ہوگا جو 1987ء کے بعد دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس دورہ کو سیاسی، دفاعی، معاشی، ثقافتی اور ان سب سے زیادہ عوام سے عوام کے روابط کے اعتبار سے اہم سمجھتے ہیں اور سری لنکا کے ساتھ کثیر جہتی تعلقات کے استحکام کے خواہاں ہیں۔ وزیراعظم سری لنکا کے دورہ کے موقع پر مہا بودھی سوسائٹی کولمبو، انورادھا پورہ، تلائی منار اور جافنا کا بھی دورہ کریں گے۔ انہیں سری لنکا کی پارلیمنٹ سے خطاب کرنے کی دعوت دے کر ایک منفرد اعزاز بھی عطا کیا گیا ہے۔ جافنا نے وزیراعظم افسانوی جافنا کلچرل سنٹر کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے جو تاریخی جافنا پبلک لائبریری کے متصل قائم کیا جارہا ہے ۔