بیجنگ ۔ یکم ؍ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کو چاہئے کہ وہ بحرہند کو اپنے گھر کے صحن کا پچھلا حصہ تصور نہ کرے۔ اگرچیکہ بحرہند کے علاقہ میں امن و استحکام کو یقینی بنانے میں اس کا اہم رول ہے۔ چین کی فوج نے کہا کہ ہندوستان کو یہ طرزعمل تبدیل کرنا چاہئے۔ سینئر کیپٹن ژہاویی نے جو نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی، بیجنگ میں اسوسی ایٹ پروفیسر بھی ہیں، کہا کہ جغرافیائی طور پر بحرہند کے علاقہ اور جنوبی ایشیائی علاقہ میں ہندوستان کا اہم رول ہے اور وہ اس بات کا اعتراف کرتے ہیں لیکن ہندوستان کو سمندر کے بین الاقوامی حدود اور کھلے سمندر کو اپنے گھر کے صحن کا پچھلا حصہ تصور نہیں کرنا چاہئے۔ اگر ہندوستان یہ تصور کرتا ہے تو پھر اسے یہ بھی وضاحت کرنی چاہئے کہ کیا روس، امریکہ، آسٹریلیا کی بحریہ کو بحرہند میں آزادانہ نقل و حرکت کی اجازت ہے؟۔