بحث

کہتے ہیں ایک دفعہ کسی ملک کا ایک بڑا عالم دربارسے بحث کرنے آیا ۔ ان دنوں شیخ چلی شاہی دربار میں تھے ۔ بادشاہ کے کہنے پر اس سے بحث کرنے پر تیار ہوگئے ۔ ایک بہت بڑے میدان میں دربار لگا ۔ لوگ جمع ہوئے مقررہ وقت پر شیخ چلی اپنے گدھے کو لئے ہوئے پہونچے ۔ لوگوں نے روکا آپ گدھے کو کہاں لئے جارہے ہیں ۔ شیخ چلی بولے میرا گدھا اس بحث میں بہت کام آئے گا تم نے اسے نہ جانے دیا تو میں یہیں سے لوٹ جاؤں گا ۔ اس عالم نے سوال کیا آسمان پر کتنے تارے ہیں ۔ شیخ چلی نے جواب دیا میرے گدھے کے جسم پر جتنے بال ہیں ۔ یقین نہ آئے تو گن کر اپنا اطمینان کر لو ۔ اس عالم نے دوسرا سوال کیا کہ زمین کا مرکز کہاں ہے ۔ شیخ نے کہا جہاں میرا گدھا ہے ۔ یہی جگہ زمین کا مرکز ہے ۔ آپ زمین کو ناپ کر دیکھ لیجئے کیا مجال ذرّہ بھر کا فرق نکلے ۔ اس کے بعد شیخ نے اس سے اُلٹے سیدھے سوال کرنے شروع کئے کہ اس عالم سے جواب نہ بن پڑا اور وہ اپنا سا منہ لے کر رہ گیا ۔