واشنگٹن ۔ 31 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ایک 25 سالہ ہندوستانی شہری کو ورجینیا میں اس کے مکان کے باہر معمولی بحث و تکرار کے دوران گولی مار کر ہلاک کردیا گیا۔ پولیس نے اس قتل میں ملوث ایک شخص کو گرفتار کیا ہے۔ گذشتہ ہفتہ ہیمپٹن کے لاسالے گارڈنس میں منی پور کے ساکن شاؤلین چنڈم کو بحث و تکرار کے دوران کئی گولیاں ماری گئیں جس سے اس کی جائے واردات پر ہی موت ہوگئی۔ اس سلسلہ میں ہمپٹن پولیس ڈیویژن نے 25 سالہ کینن پامیر کو گرفتار کیا ہے۔ تحقیقات کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ مقتول اور قاتل کے درمیان 25 اگست کو کسی بات پر بحث و تکرار ہوگئی جس کے دوران قاتل نے مقتول کو ریوالور دکھایا اور پھر فوری طور پرتین چار گولیاں چلا دیں۔ دریں اثناء مقتول کی والدہ سنیتی دیوی جو اس قت امپھال میں ہیں، نے میڈیا کو بتایا کہ شاؤلین 2010ء میں اعلیٰ تعلیم کے لئے امریکہ گیا تھا اور تعلیم کی تکمیل کے بعد وہ ایک مالیاتی مشاورتی ادارہ میں برسرکار تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ قتل ضرور اس وقت ہوا ہوگا جب ان کے بیٹے نے قاتل کے ذریعہ اسے لوٹے جانے پر مزاحت کی ہوگی کیونکہ قاتل کبھی بھی ان کے بیٹے کے ساتھ نہیں دیکھا گیا۔ یہ اطلاع مالیاتی مشاورتی ادارہ کے سربراہ نے شاؤلین کے ارکان خاندان کو دی۔ سنیتی دیوی نے مزید بتایا کہ ورجینیا میں ہمارے کچھ خاندانی دوست ہیں۔ وہ شاؤلین کی نعش ہندوستان لانے پورا تعاون کررہے ہیں۔ پولیس اس معاملہ کی مزید تحقیقات کررہی ہے۔