اقوام متحدہ۔ 28؍ستمبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ اقوام متحدہ کے معتمد عمومی بانکی مون نے وزیراعظم نریندر مودی سے اقوام متحدہ کی بحالی ٔ امن کارروائیوں میں ہندوستان کے نمایاں کردار پر ان سے اظہار تشکر کیا اور ملک کے عوام کی سماجی۔ معاشی فلاح و بہبود کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کرنے پر ان کی ستائش کی۔ مودی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب سے پہلے معتمد عمومی بانکی مون سے علاقائی اور تبدیلی ٔ ماحولیات کے مسائل پر تبادلۂ خیال کیا۔ اقوام متحدہ کے معتمد عمومی نے تبدیلی ٔ ماحولیات کے چیلنج سے نمٹنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ہندوستان کی کوششوں کی ستائش کی۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے پریس کانفرنس میں کہا کہ دونوں قائدین نے اقوام متحدہ کی اصلاحات اور بحالی ٔ امن کوششوں میں تعاون کرنے والے ممالک کو اصلاحات میں شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور اقوام متحدہ کے کئی اداروں کی فیصلہ سازی کے عمل میں انھیں شامل کرنا ضروری قرار دیا۔ نیویارک میں سکھ امریکی شہریوں نے وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کرکے ان پر زور دیا کہ ویزا کی یا پاسپورٹ کی تجدید کی درخواستوں میں کئی مشکلات درپیش ہیں، خاص طور پر جو لوگ 1980ء کی دہائی میں سیاسی پناہ کے لئے درخواست دے چکے ہیں، انھیں کئی مسائل کا سامنا ہے۔ این آر آئی سکھ برادری نے احساس ظاہر کیا کہ ہندوستانی سفارت خانے انھیں ویزا جاری کرنے یا ان کے پاسپورٹس کی تجدید کرنے سے انکار کردیتے ہیں۔ اس طرح انھیں اپنے خاندانوں سے ملاقات سے محروم کردیتے ہیں، کیونکہ انھوں نے پنجاب کے شورش زدہ دنوں میں امریکہ میں سیاسی پناہ کی درخواست کی تھی۔ انھوں نے وزیراعظم کو ایک یادداشت مفاہمت بھی پیش کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ وزیراعظم ان کی درخواست پر توجہ دیں گے۔ سکھ وفد کی قیادت جسدیپ جیسی سنگھ کررہے تھے۔
دریں اثناء وزیراعظم نریندر مودی نے امریکہ کے دورہ سے استفادہ کرتے ہوئے نہ صرف باہمی تعلقات کو گہرا بنانے کی کوشش کی بلکہ معاشی تعلقات میں بھی اضافہ کرنے کی کوشش کی تاکہ ادارہ جاتی سرمایہ کار ہندوستانی بازاروں میں سرمایہ کاری کریں۔ ہندوستانی فنڈ ہاؤس ریلائنس میوچول فنڈ کے ایک اعلیٰ سطحی عہدیدار نے کہا کہ انھیں یقین ہے کہ جو سرمایہ کار ہنوز فیصلہ نہیں کرسکے تھے اور اُبھرتے ہوئے بازاروں میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کررہے تھے، اپنا سرمایہ راست ہندوستان منتقل کریں گے، کیونکہ وزیراعظم نریندر مودی نے امریکی تاجر برادری اور سرمایہ کاروں پر واضح کردیا ہے کہ ہندوستان میں یہ مستحکم کاروباری ماحول پایا جاتا ہے اور سرمایہ کاروں کے لئے ہندوستان کی منڈیوں میں وسیع مواقع موجود ہیں۔ وہ نیویارک کی ایک ہوٹل میں امریکی سرمایہ کاروں اور کارپوریٹ گھرانوں کے اعلیٰ عہدیداروں سے خطاب کررہے تھے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے نیوجرسی کے گورنر کرس کرسٹی کو ایک تجارتی وفد کے ساتھ ہندوستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ گورنر نیوجرسی کرسٹی مودی سے ملاقات کرنے کے لئے نیویارک پیالس ہوٹل آئے ہوئے تھے جہاں وزیراعظم نریندر مودی کا قیام ہے۔ کرس کرسٹی ایک مقبول عام ریپبلکن سائنسداں ہیں اور 2016ء میں امریکی صدارتی انتخابات میں مقابلہ بھی کرنے والے ہیں۔ دونوں قائدین نے سمندری طوفان ’سینڈی‘ کے نیوجرسی میں عوامی اور کاروباری زندگی پر اثرات کا بھی جائزہ لیا اور آفاتِ سماوی سے نمٹنے کے بارے میں بھی تبادلۂ خیال کیا۔ نریندر مودی نے راک پروگرام کے جس میں کئی فلمی ستارے شریک تھے، پلیٹ فارم کو بھی ہندوستانی نوجوانوں کو ترغیب دینے کے لئے استعمال کیا اور ان سے کہا کہ اگر وہ دنیا بھر کو ہندوستان کی جانب سے امن کا پیغام دے سکیں تو اس سے نہ صرف ان کا بلکہ پورے ہندوستان کا نام روشن ہوگا۔ تقریباً 60 ہزار افراد سنٹرل پارک نیویارک میں گلوبل سٹیزن فیسٹیول میں شرکت کرنے کے لئے آئے ہوئے تھے۔