بجٹ صرف اعداد و شمار کا کھیل ، ٹی آر ایس کا پمفلٹ

حیدرآباد ۔ 5 نومبر ۔ ( سیاست نیوز ) کانگریس نے حکومت تلنگانہ کے بجٹ کو ٹی آر ایس کا پمفلٹ قرار دیتے ہوئے اسے اعداد و شمار کے کھیل سے تعبیر کیا ۔ جناب محمد علی شبیر ڈپٹی فلور لیڈر تلنگانہ قانون ساز کونسل نے بجٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کو گمراہ کررہی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ حکومت اس بات کی وضاحت کرے کہ 11 فیصد مسلمان کا جو تذکرہ بجٹ میں کیا گیا ہے ۔ وہ اعداد و شمار کہاں سے لئے گئے ہیں۔ جناب محمد علی شبیر نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے 12 فیصد تحفظات کی فراہمی کا اعلان کیا گیا تھا اور اب یہ کہا جارہا ہے کہ تلنگانہ میں 11 فیصد مسلمان ہیں جوکہ حکومت کی تضاد بیانی کی مثال ہے ۔ انھوں نے بتایا کہ انتخابات سے قبل چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ تلنگانہ میں 14 فیصد مسلمان کہتے آئے ہیں اور یہ وعدہ کیا تھا کہ 12فیصد مسلم تحفظات فراہم کئے جائیں گے لیکن آج جب تلنگانہ کا پہلا بجٹ پیش کیا گیا تو حکومت نے بجٹ میں 11 فیصد مسلمانوں کی صراحت کی ہے ۔ لیکن یہ واضح نہیں کیا گیا ہے کہ یہ اعداد کہاں سے لئے گئے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ کانگریس پارٹی قانون ساز کونسل میں حکومت سے اس مسئلہ پر وضاحت طلب کرے گی اور استفسار کرے گی کہ آیا یہ اعداد و شمار مردم شماری 2011 ء کے ہیں یا کسی اور سروے کے ذریعہ حکومت نے اس فیصد کا تعین کیا ہے ۔