اطراف و اکناف امتناعی احکامات‘سخت سکیوریٹی انتظامات
حیدرآباد 5 مارچ (سیاست نیوز)تلنگانہ اور آندھرا پردیش اسمبلی کے بیک وقت منعقد ہونے والے بجٹ سیشن کے پیش نظر حیدرآباد پولیس نے سکیوریٹی کے وسیع ترین انتظامات کئے ہیں۔اسمبلی کے احاطہ سے 2 کیلو میٹر کے فاصلے تک امتناعی احکامات نافذ کردیئے گئے ہیں ۔ اس سلسلہ میں کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر ایم مہندر ریڈی نے بتایا کہ 7 مارچ سے آغاز ہونے والے دونوں ریاستوں کے اسمبلی سیشن کے پیش نظر 2500 پولیس ملازمین پر مشتمل عملہ کے بندوبست کا منصوبہ تیار کیاگیا ہے اور سخت سکیوریٹی کو یقینی بنانے کیلئے پولیس نے ایک اسکیم بھی تیار کی ہے ۔ مسٹر مہندر ریڈی نے بتایا کہ دونوں ریاستوں کے اسمبلی کے احاطہ میں تلنگانہ اسٹیٹ اسپیشل پولیس عملہ کو متعین کیا جائے گا اور پولیس بندوبست کیلئے آندھرا پردیش پولیس سے وابستہ پولیس عہدیداروں کو بھی متعین کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی اور دیگر قائدین کی شناخت کیلئے آندھرا پردیش پولیس عہدیدار سٹی پولیس عہدیدار کے مدد گار ثابت ہوں گے ۔ مسٹر مہندر ریڈی نے بتایا کہ اسمبلی اور قانون ساز کونسل کے اجلاس میں سخت سکیوریٹی کی فراہمی کو اولین ترجیح دی جارہی ہے جس کیلئے اضلاع سے پولیس ملازمین کو بھی سکیوریٹی ڈیوٹی کیلئے متعین کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اُن کی راست نگرانی میں سکیوریٹی انتظامات کا وقفہ وقفہ سے جائزہ لیا جارہا ہے اور کسی بھی قسم کی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پولیس نے موثر اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اسمبلی کے 2 کیلو میٹر کے فاصلے تک امتناعی احکامات نافذ کئے گئے ہیں جس کے تحت کسی بھی قسم کے جلوس ‘ جلسہ عام یا گروپ بندی کی اجازت نہیں ہے۔ یہ احکامات 7 مارچ صبح 6 بجے تا 13 مارچ شام 6 بجے تک قابل عمل رہیں گے ۔ کمشنر پولیس نے عوام سے خواہش کی ہے کہ وہ اسمبلی سیشن کے دوران سکیوریٹی کو یقینی بنانے میں تعاون کریں۔