بجٹ سیشن میں ایک دوسرے سے تعاون

حیدرآباد ۔ 4 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ اور آندھرا پردیش قانون ساز اسمبلیوں و قانون ساز کونسل کے لیے ایک ساتھ منعقد ہونے والے بجٹ سیشن کے پیش نظر دونوں ریاستوں کے اسپیکرس اسمبلی اور صدور نشین قانون ساز کونسل کا ایک اہم اجلاس آج اسمبلی میں منعقد ہوا ۔ اس اجلاس میں دونوں ریاستوں کے پولیس عہدیدار و ملازمین کے علاوہ دیگر متعلقہ عہدیدار کو آپسی تال میل کے ساتھ کام کرنے ( ڈیوٹی انجام دینے ) کے لیے اقدامات کا فیصلہ کیا گیا اور اس سلسلہ میں پولیس عہدیداروں و ملازمین کو ضروری ہدایات بھی دی گئیں ۔ اسمبلی کے باوثوق ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ دونوں ریاستوں کے اسپیکر اسمبلیوں و صدور نشین کونسل کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں دونوں اسمبلیوں کے بجٹ سیشن کے ایک ساتھ منعقد کئے جانے کی روشنی میں سیشن کے دوران حالات پر گہری نظر رکھنے اور کوئی بھی امکانی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آنے کے لیے تفصیلی غور و خوض کیا گیا اور آپسی تال میل کی برقراری کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا اور سیشن کے دوران آپس میں ایکدوسرے کے ساتھ بھر پور تعاون کرنے کے لیے باقاعدہ طور پر قرار داد منظور کی گئی اور ساتھ ہی ساتھ آپسی تال میل کے ساتھ ہی اسمبلی کے باب الداخلوں ( انٹری گیٹس ) کو دونوں ریاستوں کی جانب سے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور داخلہ گیٹس کے پاس کوئی تنازعہ پیدا نہ ہونے کے لیے دونوں ریاستوں کے اہم پولیس عہدیداروں ( جو کہ تقریبا ہر ایک سے واقف ہوں ) کو تعینات کیا جائے گا ۔ مزید بتایا گیا کہ اسمبلی و کونسل سیشن کا آغاز ہونے کے تین چار یوم بعد پھر ایکبار اسپیکرس اور صدور نشین کا اجلاس طلب کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔۔