ریاستوں کے اختیارات کو نہیں چھینا جائے گا، نتن گڈکری کا تیقن
نئی دہلی۔ 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری نے آج پارلیمنٹ میں روڈ سیفٹی بِل کی منظوری میں اپنی ناکامی کا اعتراف کیا ہے اور کہا کہ یہ ان کی وزارت پر ایک سیاہ دھبہ ہے اور انہوں نے یہ توقع ظاہر کی کہ تمام رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے آئندہ بجٹ اجلاس میں یہ بل منظور کرلیا جائے گا۔ مرکزی وزیر نے آج یہاں ’’ای ٹی گلوبل سمٹ‘‘ سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرے لئے تکلیف دہ امر بن گیا ہے کہ روڈ سیفٹی بِل کی عدم منظوری ان کی وزارت کیلئے ایک سیاہ دھبہ بن گئی ہے، گوکہ ہم نے وسیع تر اصلاحات کا وعدہ کیا تھا، جس کی تکمیل سے ہم قاصر ہوگئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس خصوص میں کئی ایک چیف منسٹرس سے بات چیت کرتے ہوئے یہ تیقن دیا گیا ہے کہ ریاستوں کے اختیارات کو نہیں چھینا جائے گا، جبکہ مجوزہ روڈ ٹرانسپورٹ اینڈ سیفٹی بِل میں یہ گنجائش رکھی گئی ہے کہ سڑک حادثہ میں موت کی صورت میں قصوروار کے خلاف 3 لاکھ روپئے کا جرمانہ، 7 سال کی سزائے قید سنائی جائے۔ مرکزی وزیر نے بتایا کہ حکومت نے روڈ سیفٹی اتھاریٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کرلیا ہے اور یہ معاملہ کابینہ میں معرض التواء ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک مرتبہ یہ قانون نافذ ہوگیا تو اس شعبہ میں شفافیت پیدا ہوگی اور دھاندلیوں کی روک تھام ممکن ہوسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بدبختانہ ہے کہ ہندوستان میں ہر سال 5 لاکھ سڑک حادثات پیش آتے ہیں جس میں 1.5 لاکھ افراد کی موت واقع ہوتی ہے اور اس بِل کا مقصد بھی حادثات کی شرح کو گھٹانا ہے۔