بجلی گرنے سے 6 افراد ہلاک

برہامپور ، 30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اوڈیشہ کے ضلع گنجام کے مختلف حصوں میں بجلی گری جس کی زد میں آکر کم از کم 6 افراد ہلاک اور دو دیگر زخمی ہوگئے۔ ضلعی عہدہ دار نے کہا کہ جس وقت بجلی گری تب لوگ کھیتوں میں کام کررہے تھے اور بعض دیگر چشموں میں نہا رہے تھے۔ برسرموقع چھ اموات ہوئیں۔ اس واقعہ میں زخمی دو دیگر افراد کنکوراڈا کے پرائمری ہیلت سنٹر میں زیرعلاج ہیں، جہاں اُن کی حالت مستحکم بتائی گئی۔ متوفی افراد کی عمریں 13 تا 56 سال تھیں۔ حکومتی رہنما خطوط کے مطابق متوفی کے ورثا کو 4 لاکھ روپئے بطور ایکس گریشیا دیئے جائیں گے۔ ایک اور شخص بھانجہ نگر علاقہ میں زخمی ہوا جب درخت کی شاخ اُس پر گرپڑی۔ وہ بھی زیرعلاج ہے۔ پتراپور تحصیل کے ایس بڑاپور میں ایک گائے اور کم از کم 28 بکریاں بھی بجلی کا شکار ہوئے۔