بجلی سرقہ ریمارک پر فاروق عبداللہ کے خلاف احتجاجی ریالی

سرینگر۔ 4 مارچ ۔ (سیاست ڈاٹ کام )اپوزیشن پی ڈی پی نے جموں و کشمیر میں مرکزی وزیر فارق عبداللہ کے خلاف اُن کے برقی سرقہ پر دیئے گئے ایک ریمارک پر زبردست احتجاج کیا۔ پی ڈی پی کے متعدد ورکرس جن کی قیادت سابق ایمپلائز یونین لیڈر سے سیاست داں بنے خورشید عالم کررہے تھے ۔ ورکرس نے پولوو یو میں واقع پارٹی ہیڈ کوارٹرس سے ریالی کا آغاز کیا ۔ اُس وقت سکیورٹی کے خاطر خواہ انتظامات کئے گئے تھے۔ انھوں نے فاروق عبداللہ کا پُتلا بھی نذر آتش کیا ۔ ریگل چوک پہنچنے کے بعد پولیس نے انھیں آگے جانے سے روک دیا ۔ پرامن طورپر منتشر ہونے سے قبل خورشید عالم نے ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فاروق عبداللہ کو اپنے اہانت انگیز ریمارک پر معذرت خواہی کرنی چاہئے ۔ یاد رہے کہ مرکزی وزیر فاروق عبداللہ نے کل برقی سرقہ سے متعلق اپنے ریمارک کے بارے میں وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ میڈیا نے اُن کے بیان کو توڑمروڑ کر پیش کیا ۔مجھے اس بات کا افسوس ہے ، میں نے صرف ریاست میں برقی سرقہ کا تذکرہ کیا تھا ۔