بجرنگی کے رشتہ داروں نے سی بی آئی انکوائری کا مطالبہ کیا

جون پور، 10جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بدنام زمانہ مافیا ڈان پریم پرکاش سنگھ عر ف منا بجرنگی کے رشتہ داروں نے اس کے قتل کی انکوائری سی بی آئی سے کرانے کامطالبہ کیا ہے ۔باغپت ضلع جیل میں بجرنگی کو پیر کو گولی مار کر قتل کردیا گیا تھا۔ منگل کی صبح مافیا ڈان کے آبائی شہر جون پور میں سریری علاقہ میں واقع دیال پور گاوں لایا گیا ۔ اس کی آخری رسومات وارانسی کے منیکرنیکا گھاٹ پر آج شام کی جائے گی۔مافیا ڈان کی لاش تقریباً ایک سو گاڑیوں کے قافلے کے درمیان آج باغپت سے جون پور پہنچی۔ اس دوران سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔ رہائش گاہ پر آخری دیدار کے بعد قافلہ آخری رسومات ادا کرنے کے لئے لاش کو لے کر وارانسی روانہ ہوگیا۔ڈا ن کی بیوہ سیما سنگھ نے بدنام زمانہ ڈان دھننجے سنگھ اور بی جے پی کے کچھ لیڈروں پر اپنے شوہر کے قتل کی سازش کا الزام لگایا ہے اور اس کی جانچ سی بی آئی سے کرانے کا مطالبہ کیا ہے ۔دریں اثنا باغپت ضلع انتظامیہ نے جیل میں منا بجرنگی کے قتل کے بارے میں اپنی رپورٹ ریاستی ہیڈکوارٹر بھیج دی ہے ۔ جانچ میں پایا گیا کہ جیل میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے کام نہیں کررہے تھے جب کہ جیل میں کئی دیگر بے ضابطگیاں بھی پائی گئیں۔