پاکستان میں 14سال سے مقیم گیتا کی کہانی سے سلمان خان بے حد متاثر
حیدرآباد۔/5اگسٹ، ( سیاست نیوز) پاکستان میں 14سال سے مقیم ہندوستانی لڑکی گیتا کی کہانی نے بالی ووڈ اداکار سلمان خان کو اپنی فلم میں بجرنگی بھائی جان کا حقیقی کردار ادا کرنے کا حوصلہ پیدا کیا ہے۔ سرحد کی دوجانب فلم ’ بجرنگی بھائی جان‘ نے کئی دلوں کو متاثر کیا ہے۔ گیتا نامی ہندوستانی لڑکی جو اتفاق سے بچپن میں سرحد پار کرکے پاکستان منتقل ہوئی تھی اس وقت وہ پاکستان کی ایک تنظیم فاؤنڈیشن کے تحت پرورش پارہی ہے۔ فلم ’ بجرنگی بھائی جان‘ میں ایسی کہانی بتائی گئی ہے کہ ایک ہندوستانی نوجوان پاکستانی معصوم لڑکی کو اس کے گھر پہنچانے کیلئے سرحد پار کس طرح کرتا ہے۔ اقوام متحدہ میں انسانی حقوق شعبہ کے سابق مشیر اور پاکستان کے سابق وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق اور سینئر وکیل انصر برنی نے ٹیوٹر پر پیام میں لکھا ہے کہ اگر سلمان خان اس ہندوستانی لڑکی کی مدد کریں گے تو ہمیں بہت خوشی ہوگی۔ اگر سلمان خان حقیقی بجرنگی بھائی جان بن کر یہاں آتے ہیں اور ایسا ہی کرتے ہیں تو یہ حیرانی کی بات ہوگی۔ہم منتظر ہیں کہ سلمان خان ہم سے ربط پیدا کریں۔ برنی نے ٹیوٹر پر لکھا ہے کہ سلمان خان نے گیتا کی مدد کرنے کی پیشکش کی ہے۔ ڈائرکٹر کبیر خان سے کہا گیا ہے کہ وہ گیتا سے ملاقات کرکے کس طرح مدد کرسکتے ہیں۔ پاکستان کی ایدھی فاؤنڈیشن جہاں پر گیتا زیر پرورش ہے ہر ایک عہدیدار اور اس ملک کے این جی اوز کے ساتھ تعاون کررہی ہے تاکہ گیتا کو اس کے گھر واپس روانہ کیا جاسکے لیکن اب تک کوئی مدد نہیں ملی تاہم سلمان خان کے ارادوں سے ان کوششوں کو تقویت ملتی نظر آرہی ہے کہ گیتا کو اس کے والدین تک پہنچانے میں مدد ملے گی۔ وہ حقیقت میں بجرنگی بھائی جان ہیں کیونکہ ایک بار وہ کمٹمنٹ کردیں تو وہ اپنے آپ کی بھی نہیں سنتے، توقع ہے کہ بہت جلد گیتا ہندوستان واپس ہوگی۔ گیتا ہندوستان کا نقشہ پہچانتی ہے لیکن اس سے زیادہ اسے کچھ نہیں معلوم۔ ایدھی فاؤنڈیشن کے عہدیداروں کا ایقان ہے کہ وہ یہ کہنے کی کوشش کررہی ہے کہ اس کے والد جھارکھنڈ سے تعلق رکھتے ہیں اور والدہ کا تعلق تلنگانہ سے ہے۔ اس نے یہ بھی بتانے کی کوشش کی ہے کہ اس کے چار بہنوں کے بشمول 11بھائی بہن ہیں۔