قبضوں کے خلاف کل بتکما کھیلنے کا اعلان، وی ہنمنت راؤ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 21 ستمبر (سیاست نیوز) اے آئی سی سی سکریٹری و رکن راجیہ سبھا مسٹر وی ہنمنت راؤ نے بتکمہ گنٹہ کو لینڈ گرابرس کے چنگل سے آزاد کرانے کا حکومت سے مطالبہ کیا۔ کل قبضوں کے خلاف بطور احتجاج بتکمہ کھیلا جائے گا۔ آج گاندھی بھون میں مسٹر وی ہنمنت راؤ نے بطور احتجاج کل کھیلے جانے والے بتکمہ کے آج پوسٹرس جاری کیا اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے بتکمہ کو ریاستی تہوار کے طور منانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کیلئے بھاری رقم بھی جاری کیا ہے۔ بتکمہ کنٹہ پر لینڈ گرابرس نے ناجائز قبضہ کرلیا ہے۔ وہ برسوں سے اس کے خلاف تحریک چلا رہے ہیں۔ چیف منسٹر تلنگانہ بتکمہ کنٹہ پر فوری توجہ دیں اور ناجائز قبضوں کو فوری برخاست کریں۔ ان قبضوں کے خلاف کل بطور احتجاج بڑے پیمانے پر بتکمہ کھیلا جائے گا۔ سکریٹری اے آئی سی سی نے کہا کہ بی جے پی کے اچھے دنوں کی 100 دن میں خلعی کھل گئی ہے۔ 10 ریاستوں میں منعقدہ ضمنی انتخابات میں کانگریس نے جہاں بہتر مظاہرہ کیا ہے وہیں بی جے پی کو عوام نے مسترد کردیا ہے۔ بی جے پی عوامی اعتماد سے محروم ہوگئی ہے جبکہ عوام نے کانگریس پر دوبارہ بھروسہ کا اظہار کیا ہے۔ مہاراشٹرا اور ہریانہ کے عام انتخابات میں کانگریس پارٹی شاندار مظاہرہ کرے گی اور اقتدار کو اپنے پاس رکھے گی۔