حیدرآباد۔4 اکٹوبر (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ بی ونود کمار نے الیکشن کمیشن سے اپیل کی ہے کہ وہ بتکماں فیسٹول کے موقع پر خواتین میں ساڑیوں کی تقسیم پر پابندی سے متعلق فیصلے پر نظرثانی کرے۔ اپوزیشن جماعتوں کی نمائندگی پر الیکشن کمیشن نے بتکماں تہوار کے موقع پر حکومت کی جانب سے خواتین میں ساڑیوں کی تقسیم کے پروگرام پر انتخابی ضابطہ اخلاق کے تحت روک لگادی ہے۔ ونود کمار نے کہا کہ تقسیم کے لیے ساڑیاں کئی اضلاع کو پہنچ چکی ہیں۔ لہٰذا الیکشن کمیشن کو تقسیم کی اجازت دینی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ساڑیوں کی تقسیم کا معاملہ انتخابات سے مربوط نہیں ہے بلکہ ہر سال یہ تقسیم کی جارہی ہیں۔ الیکشن کمیشن سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اپنے فیصلے کا ازسر نو جائزہ لیں۔ ونود کمار نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کا کوئی بھی فیصلہ پارٹی کے لیے قابل قبول رہے گا اور اس پر بہرصورت عمل کیا جائے گا۔