ببروں کے انکلوژر میں چھلانگ لگانے والے شخص کو چار ماہ کی سزائے قید

حیدرآباد۔ 2  اکتوبر (پی ٹی آئی) شہر کی ایک مقامی عدالت نے رواں سال مئی کے دوران نہرو زوالوجیکل پارک میں ببروں کو رکھے گئے علاقہ میں چھلانگ لگاکر داخل ہونے والے ایک 35 سالہ نوجوان کو چار ماہ کی قید اور 100 روپئے جرمانہ کی سزا دی ہے۔ اس عدالت نے ہندوستانی تعزیری ضابطہ اور جنگلی جانوروں کے تحفظ سے متعلق قانون کی مختلف دفعات کے تحت مکیش کو یہ سزا دی ہے۔ بہادر پورہ پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر ہریش کوشک نے کہا کہ ملزم چونکہ پہلے ہی چار ماہ تک قید میں رہ چکا تھا چنانچہ اس کو رہا کردیا گیا۔ راجستھان کے ضلع سکر سے تعلق رکھنے والے مکیش نے 22 مئی کو حالت نشہ میں افریقی ببروں کیلئے مخصوص پناہ گاہ میں چھلانگ لگاکر داخل ہوگیا تھا۔ اس دوران زو کے عملہ اور سکیورٹی اہل کاروں کی وارننگ کو نظرانداز کرتے ہوئے وہ خوفناک ببروں کے قریب پہونچ گیا تھا تاہم جانوروں کے ایک چوکس محافظ نے اس کو بحفاظت باہر نکال لیا تھا۔ بعدازاں مکیش کو گرفتار کرنے کے بعد تحویل میں دیا گیا تھا۔