نئی دہلی ۔ 4 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے آج کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان باہمی تجارتی تعلقات کو معمول پر لانے سے متعلق روڈمیاپ پر ہنوز عمل آوری شروع نہیں ہوسکی ہے کیونکہ موخرالذکر براہ واکھا اور اٹاری تجارت پر عائد تمام پابندیوں کو ہٹا نہیں سکا ہے۔ مملکتی وزیر امورخارجہ جنرل (ریٹائرڈ) وی کے سنگھ نے کہا کہ معتمد تجارت کے مابین گذشتہ مرحلہ کی بات چیت 21-20 ستمبر 2012ء کو اسلام آباد میں منعقد ہوئی تھی۔ پاکستان نے ہندوستان کے ساتھ باہمی تجارتی تعلقات کو معمول کے مطابق بنانے سے اتفاق کیا تھا۔ عالمی تجارتی ادارہ کے تحت پاکستان نے ہندوستان کو انتہائی پسندیدہ ملک کا موقف دینے سے بھی اتفاق کیا تھا۔ پاکستان، چونکہ اس روڈمیاپ کے تحت طئے شدہ پہلا قدم ہی اٹھانے میں ناکام ہوگیا جس کے ذریعہ اس نے واگھا ۔ اٹاری زمینی راستہ کے ذریعہ تمام تجارتی پابندیوں کو ہٹانے کا یقین دلایا تھا۔ اس طرح روڈمیاپ پر عمل آوری کا آغاز نہیں ہوسکا۔