باہمی اختلافات کا حل، ہندوستان اور پاکستان پر منحصر : امریکہ

واشنگٹن ۔ 28 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور پاکستان باہمی تعلقات میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان گذشتہ روز ایک دوسرے کے سفارتخانہ کے ایک ایک ملازم کو ناپسندیدہ شخص قرار دیتے ہوئے ملک سے باہر بھیج دیئے جانے کے دوسرے دن امریکہ نے آج کہا کہ یہ دونوں پڑوسی ملکوں پر منحصر ہے کہ وہ باہمی مذاکرات کے ذریعہ اپنے تمام اختلافات کی یکسوئی کریں۔ امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان جان کِربی اپنی روزمرہ کی پریس کانفرنس کے دوران اخباری نمائندوں سے کہا کہ ’’ہم ان فیصلوں سے متعلق اطلاعات دیکھے ہیں۔ یہ اقتداراعلیٰ کے فیصلے ہیں جو خودمختار ممالک کیا کرتے ہیں۔ یہ ایسے مسائل ہیں جنہیں حل کرنے کیلئے ہم انہیں ہندوستان اور پاکستان کی صوابدید پر چھوڑتے ہیں‘‘۔ جان کربی نے کہا کہ ’’یہ ایسے مسائل ہیں جن پر ہندوستان اور پاکستان کو بات چیت کرنے کی ضرورت ہے اور یکسوئی کیلئے باہمی کوششوں کی ضرورت ہے‘‘۔