باکسر عامرخان کا پشاور کے اسکول اور ہاسپٹل کا دورہ

پشاور ۔ 29 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ میں مقیم پاکستانی نژاد باکسر عامرخان نے پشاور میں اس فوجی اسکول کا دورہ کیا جہاں طالبان نے 150 افراد کو جن میں اکثریت بچوں کی تھیں، گولیوں سے بھون دیا تھا۔ عامرخان نے وہاں پہنچ کر مہلوکین کے ارکان خاندان سے اظہارتعزیت و ہمدردی کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اسکول پر دہشت گردوں کے سفاکانہ حملے اور قتل عام نے انہیں جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بچوں کی حوصلہ افزائی کے لئے پشاور آئے ہیں۔ بے قصور اور معصوم بچوں کی ہلاکت انسانیت کے خلاف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حملہ صرف بچوں پر نہیں بلکہ پاکستان کے مستقبل پر بھی کیا گیا ہے۔ انہوں نے مہلوکین کے غمزدہ ارکان خاندان کو دلاسہ دیا۔ انہوں نے اس ہاسپٹل کا بھی دورہ کیا جہاں زخمی بچے زیرعلاج ہیں۔ ان کے دورہ کے وقت سیکوریٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ قبل ازیں پشاور کے کارپس ہیڈکوارٹرس پر بریگیڈیئر مدثراعظم نے ان کا خیرمقدم کیا۔