باپ کے شروع کئے گئے کام کو بیٹا مکمل کرتا ہے جانا ریڈی کے ریمارک پر ایوان میں قہقہے

حیدرآباد۔19۔نومبر (سیاست نیوز) قائد اپوزیشن کے جانا ریڈی کے ایک ریمارک پر آج تلنگانہ اسمبلی میں قہقہے گونج اٹھے۔ نلگنڈہ کے ایس ایل بی سی پراجکٹ پر مباحث کے دوران وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے کہا کہ اگر کانگریس 10 برس کے اقتدار میں پراجکٹ کی تکمیل پر توجہ دیتی تو آج مباحث کی نوبت نہ آتی۔ کانگریس نے پراجکٹ کی تکمیل کے سلسلہ میں تساہل سے کام لیا اور غیر ضروری طور پر کئی برس ضائع کئے گئے ۔ ہریش راؤ کے اس بیان پر قائد اپوزیشن جانا ریڈی جن کا تعلق نلگنڈہ سے ہے ریمارک کیا کہ ’’باپ کے شروع کردہ کام کو بیٹا مکمل کرتا ہے‘‘۔ لہذا ٹی آر ایس حکومت کو پراجکٹ کی تکمیل کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی وزیر کی حیثیت سے چیف منسٹر کو پراجکٹ کے سنگ بنیاد کیلئے راضی کیا گیا تھا اور سنگ بنیاد رکھا گیا۔ جانا ریڈی نے کہا کہ سنگ بنیاد تو ہم نے رکھا لیکن تکمیل نہ ہوسکی۔ لہذا ٹی آر ایس حکومت کو اس کی تکمیل کرنی چاہئے جس طرح کسی باپ کے ادھورے کام کو بیٹا مکمل کرتا ہے۔ ایک مرحلہ پر چیف منسٹر نے تلنگانہ کے آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر میں بے قاعدگیوں اور تاخیر کا حوالہ دیتے ہوئے ریمارک کیا کہ ان کی تفصیلات کہنے پر رامائن اور لکھنے میں مہابھارت کی طرح ہے۔