مختلف پروگرامس منعقد کرنے ڈیموکریٹک اینڈ سکیولر الائنس کا فیصلہ ‘ شہر میں مجسمہ نصب کرنے مطالبہ
حیدرآباد۔یکم اپریل(سیاست نیوز) حیدرآباد ڈیموکرٹیک اینڈ سکیولر الائنس کے قائدین نے انگریزی کیلنڈر کی مناسبت سے 4اپریل کو بانی شہر حیدرآباد سلطان محمد قلی قطب شاہ کی یوم پیدائش منانے کا اعلان کیا اور اس ضمن میںایچ ڈی ایس اے کی جانب سے مزار قلی قطب شاہ پر چادر گل بھی پیش کی جائے گی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے تنظیم کے صدر ڈاکٹر کولیروچرنجیوی نے کہاکہ بانی شہر حیدرآباد وچارمینار قلی قطب شاہ کی 451 ویں یوم پیدائش کے موقع پر الائنس مختلف پروگراموں کو بھی قطعیت دے رہا ہے ۔انہوں نے محبان قلی قطب شاہ اور ریاست حیدرآباد سے اس پروگرام میںشرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ شہر حیدرآباد کو خوبصورت طرز پر تعمیرکرنے والے حیدرآباد کے عظیم قطب شاہی حکمران کو خراج عقیدت پیش کرنا ہر حقیقی حیدرآباد ی کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایچ ڈی ایس اے ہر سال کی طرح اس سال بھی بانی حیدرآباد کی برسی کے موقع پر یادقلی قطب شاہ کا انعقاد عمل میںلائے گا۔ صدر وائس آف تلنگانہ و ممتازمورخ کیپٹن لنگا لہ پانڈورنگاریڈی نے کہاکہ قلعہ گولکنڈہ پر قومی پرچم لہرانے سے قلی قطب شاہ کے کارناموں کو خراج عقیدت پیش نہیںہوگا اس کیلئے حکومت کو چاہئے کہ بانی حیدرآباد کا مجسمہ شہر حیدرآباد کے بیچوں بیچ نصب کرے تاکہ بانی حیدرآباد سے نئی نسل کو واقف کروایاجاسکے۔کیپٹن پانڈو رنگاریڈی نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کی معیشت کا دارومدار شہر حیدرآباد پر ہے جس کو خوبصورت اور ترقی یافتہ بنانے کا صدیو ں پہلے سلطان محمد قلی قطب شاہ نے کیا تھا۔انہوں نے کہاکہ آج ریاست تلنگانہ کی معیشت قطب شاہی اور آصف جاہی حکمرانوں کے کارناموں کی مرہون منت ہے۔انہوں نے کہاکہ حیدرآباد ڈیموکرٹیک اینڈ سکیولر الائنس قطب شاہی اور آصف جاہی حکمرانوں کی یوم پیدائش اور یوم وفات کے موقع پر پروگرامس منعقد کرنے کے متعلق ایک کمیٹی بھی تشکیل دے رہی ہے ۔کیپٹن لنگا لہ پانڈورنگاریڈی نے ایچ ڈی ایس اے کی مجوزہ تقریب میںتمام حیدرآبادیوں سے شرکت کی اپیل بھی کی ہے۔