بانی آر ایس ایس کا گاوں منتخب کرکے ترقی دینے کا فیصلہ

سابق بی جے پی ایم پی ترون وجئے کی جانب سے ایم پی کویتا کی ستائش
شمس آباد ۔ 20 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : مسٹر ترون وجئے بی جے پی سابق رکن راجیہ سبھا و بی جے پی قومی ایگزیکٹیو ممبر نے شمس آباد ایرپورٹ سے چینائی جانے سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نظام آباد رکن پارلیمنٹ محترمہ کویتا نے نظام آباد اور کندوکرتی میں بہترین ترقیاتی کام انجام دئیے جس کے لیے ان کی جتنی بھی ستائش کی جائے کم ہے ۔ کویتا نے کندوکرتی جو آر ایس ایس بانی کا آبائی مقام کو انہوں نے گود لیتے ہوئے بہترین کام انجام دئیے ۔ تلنگانہ حکومت ریاست میں بہترین کام انجام دے رہی ہے ۔ اس مقام پر 65 فیصد آبادی مسلمانوں اور 35 فیصد آبادی ہندوؤں کی ہے اور وہاں سب اتحاد کے ساتھ رہتے ہیں ۔ نریندر مودی کا بھی یہی نعرہ ہے کہ سب کا ساتھ سب کا وکاس ، اس پر ہمیں کام کرنا چاہئے ۔ مرکزی حکومت کے سوچھ بھارت ابھیان کو تلنگانہ میں بخوبی انجام دیا جارہا ہے ۔ تلنگانہ حکومت کی جانب سے مشن بھگیرتا پروگرام کیا جارہا ہے جس سے عوام کو فائدہ ہوگا ۔ ملک کی ترقی کیلئے تمام پارٹیوں کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے جس سے ترقی جلد و آسان ہوگی ۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترون وجئے نے کہا کہ 2019 انتخابات میں نریندر مودی کی قیادت میں پہلے سے زیادہ سیٹ حاصل کریں گے ۔ تلنگانہ میں بی جے پی کے موقف پر بات کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپوزیشن کو بھی ساتھ لے کر چلتے ہوئے ملک کی ترقی کرنا ہے ۔