بانکی مون اورانجیلا مرکل کی بات چیت ریکارڈ کی جاتی رہی:وکی لیکس

لندن ۔ 24 فروری (سیاست ڈاٹ کام) وکی لیکس نے انکشاف کیا ہے کہ امریکی خفیہ ادارہ ’’این ایس اے‘‘ جرمن چانسلر انجیلا مرکل اوراقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کے ٹیلیفون ٹیپ کرتا رہا۔میڈیارپورٹس کے مطابق وکی لیکس نے جرمن چانسلر انجیلا مرکل کی خفیہ نگرانی کے حوالے سے تازہ انکشاف کیا ہے۔ وکی لیکس کے مطابق امریکی خفیہ ادارے ’این ایس اے‘ نے جرمن چانسلر مارکل اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کے مابین 2008ء میں ہونے والی بات چیت سنی تھی۔اس ملاقات میں بان کی مون نے تحفظ ماحول کیلئے اقدامات اور یورپی قائدین کو ایک جگہ جمع کرنے کے حوالے سے مرکل کی کوششوں کی ستائش کی تھی۔ وکی لیکس کی دستاویزات میں جرمن چانسلر کی فرانس کے سابق صدر نیکولس سرکوزی اور سابق اطالوی وزیراعظم سلویو بیرلسکونی کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں کی خفیہ نگرانی کا بھی تذکرہ ہے۔