(ایڈوکیٹ شاہد اعظمی قتل کیس )
ممبئی ۔ 14 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) بامبے ہائیکورٹ نے شاہد اعظمی قتل کیس میں گرفتار ملزم سنتوش شیٹی کو عدم ثبوتوں کی بناء پر اس مقدمہ سے ڈسچارج کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس مقدمے کے دفاعی وکیل رضوان مرچنٹ نے بتایا کہ اس معاملے میں میرے موکل سنتوش شیٹی کے خلاف پولیس کے پاس شواہد موجود نہیں ہے نیز اس معاملے میں انہوں نے عدالت کے روبرو بحث کرتے ہوئے بتایا کہ شاہد اعظمی 11 فبروری 2010ء کو ان کی آفس پر کچھ انجان لوگوں نے گولی مار کر قتل کردیا تھا۔ نیز اس معاملے میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے وضاحت کی تھی کہ اس معاملے میں چھوٹا راجن گینگ کے افراد شامل ہیں نیز پولیس نے چھوٹاراجن گینگ سے تعلق رکھنے والے ملزم سنتوش شیٹی سمیت کئی ملزمین کو گرفتار کیا تھا۔ اس معاملے کی سماعت ممبئی سیشن کورٹ کے روبرو جاری ہے جہاں اس معاملے میں گرفتار ملزمین پر مکوکا کے تحت خصوصی عدالت کے روبرو کارروائی جاری ہے۔ اسی دوران ملزم سنتوش شیٹی نے ممبئی سیشن کورٹ کے روبرو ایک درخواست داخل کرتے ہوئے اسے اس مقدمہ سے ڈسچارج کرنے کی گذارش کی تھی نیز ممبئی سیشن کورٹ نے اس درخواست پر سماعت کرتے ہوئے سنتوش شیٹی کو اس مقدمے سے ڈسچارج کرنے کی گذارش مسترد کردی ہے۔ اس معاملے میں دفاعی وکیل کی بحث مکمل ہونے کے بعد سرکاری وکیل نے بحث شروع کی اور اس عدالت کے روبرو وضاحت کرنے کی کوشش کی کہ اس معاملے میں دفاعی نے جو بھی بحث کی ہے اسے قبول نہیں کیا جائے اور ملزم کی اس درخواست کو مسترد کردیا جائے۔ دونوں فریق کی بحث کو سماعت کرنے کے بعد بامبے ہائیکورٹ نے ملزم سنتوش شیٹی کو شاہد اعظمی قتل کیس سے ڈسچارج کردیا ہے۔ ایڈوکیٹ مرچنٹ کے مطابق میرے موکل کو دیگر مقدموں میں ضمانت مل چکی ہے نیز اس مقدمہ میں ڈسچارج کئے جانے کے بعد اب وہ جیل سے رہا کردیا جائے گا۔