ممبئی ۔ 28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) تاخیر سے ملنے والی خبر کے مطابق بالی ووڈ میں 50 اور 60ء کے دہے کی خوبصورت اور باصلاحیت اداکارہ شیاما کا طویل علالت کے بعد انتقال ہوگیا۔ انہوں نے گرودت کی فلم آرپار سے اپنے کیریئر کی شروعات کی تھی اور اس کے بعد بلیک اینڈ وائیٹ فلموں کے دور میں انہوں نے اپنی ایک منفرد چھاپ چھوڑی۔ ان کی مشہور فلموں میں برسات کی رات، راکھی، شاردا، دل دیا درد لیا، مہربان، ساون بھادوں کے نام قابل ذکر ہیں۔ کلر فلموں کے دور میں انہوں نے بحیثیت معاون اداکارہ اور ویمپ کے کردار بھی نبھانے شروع کردیئے تھے۔ ان کے انتقال پر کئی اداکاروں نے دکھ کا اظہار کیا۔ خصوصی طور پر وحیدہ رحمان نے کہا کہ انہیں اپنے طویل کیریئر میں شیاما کے ساتھ صرف ایک فلم دل دیا درد لیا کرنے کا موقع ملا لیکن ہماری دوستی بہت گہری تھی۔ سادھنا، نندا، میں اور شیاما اچھی سہیلیاں تھیں۔ شیاما نے اپنے وقت کے مشہور کیمرہ مین فالی مستری سے شادی کرلی تھی جو پارسی تھے۔ خاندانی ذرائع نے ان کی آخری رسومات کے بارے میں کوئی تفصیلات نہیں بتائی۔
نتیش نے فلم ’پدماوتی‘کی نمائش پر پابندی لگانے کا حکم دیا
پٹنہ،28نومبر (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان ،گجرات ،اترپردیش اور مدھیہ پردیش کے بعد اب بہار میں بھی فلم ’پدماوتی‘ ریلیز نہیں ہوگی۔وزیراعلی نتیش کمار نے آج حکام کو بہار میں فلم ’پدماوتی‘کے نمائش پر پابندی لگانے کی ہدایت دی۔انہوں نے حکام سے کہا کہ جب تک فلمساز اور ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی اور فلم سے وابستہ دیگر افراد تنازعہ کے سلسلے میں وضاحت نہیں دیتے اور فلم کے سلسلے میں تنازعہ ختم نہیں ہو جاتا تب تک بہار میں بھی یہ ریلیز نہیں ہوگی۔