حیدرآباد ( سیاست ڈاٹ کام ) بالی ووڈ راک یا پاپ میوزک کا خاتمہ ہو چکا ہے۔ صرف ہمارا بینڈ یوفوریا یا پھر ’انڈین اوشن‘ دو ایسے بینڈ ہیں جنہوں نے اس موسیقی کو زندہ رکھا ہوا ہے۔‘90 کی دہائی میں ہندوستان میں کئی پاپ اور راک بینڈ آئے، ان میں کچھ نام گم ہوگئے اور کچھ نے بالی و وڈ میں مقبولیت حاصل کی۔پلاش سین کا کہنا ہے کہ’ بالی ووڈ کو یہ سمجھ میں آنے لگا کہ یہ راک بینڈ والے تو بہت پیسہ کما رہے ہیں اور کافی مقبولیت بھی حاصل کر رہے ہیں۔اس لیے انہوں نے ایسے حالات پیدا کر دیے کہ ساری موسیقی ایک جیسی ہوگئی اور سب کو بالی ووڈ کے نغموں کے طور پر پہچانا جانے لگا۔‘انڈین اوشن بینڈ کے گلوکار رام پلاش اس بات سے اتفاق نہیں کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے’ یہ کہنا غلط ہوگا کہ بالی وڈ نے راک یا پاپ میوزک کو ختم کردیا ہے۔ حقیقت تو یہ ہے کہ ایک وقت کے بعد اچھے بینڈز آنے ہی بند ہوگئے تھے۔‘موسیقی کے ناقد روہت مہروترا کا کہنا ہے ’بالی وڈ کی پہنچ بہت دور تک ہے اور سبھی موسیقار چاہتے ہیں ان کا کام دور دور تک لوگوں تک پہنچے، اور بالی وڈ سبھی پاپ میوزک بینڈ کو جگہ دیتا ہے اور ان کی مقبولیت میں اضافہ کرتا ہے۔‘